وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہتر ہورہےہیں، ہمارااسٹیبلشمنٹ سے چولی دامن کا ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ نے نجی خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات میں بہتری آرہی ہے، آصف علی زرداری نے میرے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے ، ان سے کبھی بات نہیں کروں گا، شہباز شریف سے نہ کبھی بات ہوئی نا میں کروں گا،ہمیں اداروں سے لڑنے کےبجائے اپنے معاملات خود حل کرنا ہوں گے۔
وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کابینہ کے حوالے سےکوئی اختلاف نہیں ہے، ہم کام کرکے دکھائیں گے، ڈلیور کریں گے ، خان صاحب کی حکومت میں ملک ویلفیئر اسٹیٹ کی طرف بڑھ رہا تھا، پنجاب میں بہتری نظر آئے گی، احساس پروگرام کی رسائی آسان کردی ہے،وظیفہ ایک ہزار روپے سےبڑھا کر 1500 روپے کردیا گیا ہے۔
چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عجیب حرکتیں کررہےہیں، کام میں مشکلات پیدا کررہے ہیں،62ون ایف اب ایسے ہی چلے گا، کسی کو بدلنا ہے تو اکثریت لے کر آئے، کابینہ کی حلف برداری کیلئےگورنر پنجاب نے خود رابطہ کیا تھا، ان کے علاوہ کسی سے بات نہیں کی۔
پی ٹی آئی کی طرف آنے کا فیصلہ خالصتا میرا اور مونس الہیٰ کا تھا اس کیلئے کسی کا فون نہیں آیا تھا،شریف برادران کے ساتھ بائیس برس گزارے ، ہم نے ان کیلئے جیلیں کاٹیں،انہوں نے مجھےچلنے نہیں دیا اسی لیے ان کی طرف نہیں گئے، ان پر دوبارہ اعتبارکرنا میری کتاب میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شریف برادران نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے،پنجاب میں ضمنی الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں، لوگوں کو خریدنے کیلئے ن لیگ پیسے کہاں سے لے کر آرہی ہے، ملک نئے الیکشن کی طرف جارہا ہے، جب خان صاحب کہیں گے اسمبلی توڑ دوں گا، عمران خان 9 سیٹوں پر نا صرف الیکشن لڑیں گے بلکہ جیتیں گے بھی، کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ خان صاحب ایماندار نہیں ہیں،خان صاحب نے ایک چھوٹی پارٹی کو وزارت اعلی دی، ہم نے ان کے ساتھ چلنا اور ان کے فیصلوں اورپالیسیوں کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔