کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 2 مزدوروں کا قتل

siah111h1.jpg


بلوچستان کے علاقے کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنےوالے2 مزدوروں کو قتل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے سرنکن میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 غیر مقامی افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے اور ان کی شناخت محمد نعیم ولد محمد حنیف اور محمد شاہ ولد محمد صدیق کے نام سے ہوئی ہے، لیویز کنٹرول کے مطابق مرنے والے دونوں افراد پیشے سے مزدور تھے۔

حکام کے مطابق واقعہ کی ذمہ داری کسی تنظیم یا گروپ نے قبول نہیں کی ہے، نا ہی واقعہ کے محرکات معلوم ہوسکے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں غیر مقامی افراد کے قتل کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قتل کردیا گیا ، تازہ ترین واقعہ میں اپریل کے مہینے میں نوشکی کے علاقے میں بی ایل اے کے دہشت گردوں نے ایران جانے والی بس سے شناختی کارڈ دیکھ کر 9 افراد کو بس سے اتار کر قتل کردیا تھا۔