
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا ہے : ذرائع
ذرائع کے مطابق 9 مئی (یوم سیاہ) کو کورکمانڈر ہائوس لاہور (جناح ہائوس) اور عسکری ٹاور میں جلائو گھیرائو کے حوالے سے تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی طرف سے سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو کل طلب کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی کامران عادل کی سربراہی میں بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی طرف سے انہیں کل دوپہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا ہے جہاں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم 9 مئی (یوم سیاہ) کو ہونے والے واقعات بارے تفتیش کرے گی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے 9 مئی (یوم سیاہ) کو ہونے والے پرتشدد واقعات کیلئے 10 مختلف مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے سے گرفتار ملزمان سے عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک سے رابطوں کی تفصیلات حاصل کی جا چکی ہیں۔ کورکمانڈر ہائوس لاہور (جناح ہائوس) اور عسکری ٹاور میں جلائو گھیرائو کے حوالے سے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تھانہ شادمان، ریس کور، سرور روڈ ودیگر تھانوں میں درج مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی لندن 190 ملین پائونڈ سکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کی سفارش پر سابق وزیراعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر لیا گیا ہے۔ عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سرکلر سمری کے ذریعے وفاقی کابینہ کی طرف سے منظوری دی ہے۔ عمران خان کی اہلیہ کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب کی طرف سے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا سابق وزیراعظم عمران خان سے جھنگ سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے وکلاء کے وفد سے گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کے کارکنوں بارے قانونی مشاورت کی۔ وکلاء کے وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جھنگ سے گرفتار کارکنوں کی رہائی بارے کی جانے والی قانونی چارہ جوئی سے آگاہ کیا۔