پی ٹی آئی کا سنگجانی جلسہ: پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مزید مقدمات درج

4piiiaiajajmuqandkjfkhf.png

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے بعد وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد وفاقی حکومت نے جوابی کارروائی شروع کردی ہے، حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمات درج کرنے کیلئے درخواستیں جمع کروادی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں وقت پر جلسہ ختم نا کرنے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، پولیس پر پتھراؤ سمیت دیگر الزامات کے تحت 3 مقدمات درج کرلیے ہیں جس میں پی ٹی آئی قیادت کو نامزد کیا گیا ہے۔


پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پہلا مقدمہ سنگجانی تھانے میں جلسے کیلئے مقرر کردہ وقت کی پاسداری نا کرنے کے الزام میں درج کیا گیا، دوسرا مقدمہ جلسے کیلئے معین کردہ روٹ کی خلاف ورزی اور قافلے کو سری نگر ہائی وے و سادات کالونی سے لانے کے الزام میں تھانہ سمبل میں درج کیا گیا۔

پی ٹی آئی قیادت کے خلاف ایک مقدمہ ایس ایس پی سیف سٹی و دیگر پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کے خلاف پولیس اسٹیشن نون میں درج کیا گیا، مقدمات میں عمر ایوب، زرتاج گل، شعیب شاہین، عامر مغل، راجا بشارت اور سیمابیہ طاہر سمیت 28 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے پی ٹی آئی کارکنان کو روٹ کی خلاف ورزی پر روکا جس پر کارکنوں نے مشتعل ہوکر پولیس پر حملہ کردیا اور ڈنڈوں پتھروں کی بارش کردی، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی اور 17 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔