قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے کامرس کے اجلاس میں اربوں ڈالر مالیت کے جیمز سٹونز مختلف ملکوں میں سمگل ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس عاطف خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان سے 5 ارب ڈالر مالیتی جیمز سٹونز دوسرے ملکوں کو سمگل کیے گئے ہیں جبکہ رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جیمز سٹونز اتھارٹی وسینٹر کبھی فعال ہی نہیں ہو سکے۔
رکن کمیٹی گل اصغر کا اجلاس میں کہنا تھا کہ پاکستان جیمز سٹونز میں دنیا کا 8 واں بڑا پروڈیوسر ملک ہے اور یہاں سے 5 ارب ڈالر مالیتی جیمز سٹونز سمگل کر دیئے جاتے ہیں۔ پاکستان کی جیمز سٹونز کی مجموعی برآمدات 8 ملین ڈالر تک محدود ہو چکی ہیں جو اس سے پہلے 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھیں جس پر مرکزی حکومت نے جیمز اینڈ جیولری فیسیلی ٹیشن ونگ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
گل اصغر کا کہنا تھا کہ ہمارے قیمتی جیمز سٹونز سمگل ہونے کے بعد تھائی لینڈ پہنچ جاتے ہیں جہاں سے انہیں کٹ اور پالش کرنے کے بعد اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جا رہا ہے۔ چیئرمین کامرس کمیٹی نے استفسار کیا کہ 30 سے 40 فیصد جیمز سٹونز افغانستان سے آتے ہیں جس پر گل اصغر نے بتایا کہ وہاں سے آنے والے جیمز سٹونز تو اسی طرح سے آگے چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے رائے میں جیمز سٹونز کے لیے افغان بارڈر کھول دینا چاہیے جبکہ بھارت میں بھی 50 لاکھ کے قریب لوگ جیمز سٹونز اینڈ جیولری کے کاروبار سے وابستہ ہیں جس کی برآمدات 45 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ ہمیں ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت جیمز سٹونز کی برآمدات میں اضافے کے لیے ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
کامرس انڈسٹری حکام نے کمیٹی میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2006ء میں ہمارے ہاں جیمز سٹونز اینڈجیولری اتھارٹی قائم کی گئی تھی جس کے تحت 5 سینٹز بھی بنائے گئے جو اب تک فعال ہی نہیں ہو سکے۔ پاکستان کے روبی سٹونز کی مالیت مغرب کے ڈائمنڈ کی مالیت سے زیادہ ہے، گل اصغر خان نے کہا ہمارا ایک روبی پتھر 18 ملین ڈالر میں انڈیا سے فروخت ہوا تھا۔
گل اصغر خان کا کہنا تھا کہ کشمیر، گلگت اور سوات میں روبی پتھر بھاری مقدار میں موجود ہیں اور چائنہ دنیا بھر میں پھر رہا ہے کہ ہمیں انڈسٹریل منرلز چاہئیں جس پر چیئرمین کمیٹی عاطف خان نے کہا انڈسٹریل منرلز اور اینٹمنی کی مالیت 15 لاکھ روپے ٹن ہے۔ اینٹمنی کا 25 ٹن وزن کا ایک ترک کتنے میں فروخت ہو گا اس کا حساب لگا لیں، ہماری سرزمین انڈسٹریل منرلز اور اینٹمنی سے بھری ہوئی ہے۔