حمزہ شہباز نے بتا دیا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں جو پیسے آئے وہ سب بزنس ٹرانزیکشنز تھیں۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں میزبان مہر بخاری کے سوال پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے بتایا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں جو پیسے آئے وہ سب کاروبار کیلئے کی گئی ٹرانزیکشنز تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میری نیب میں 200 سے زائد پیشیاں ہو چکی ہیں اور سابق وزیراعظم نوازشریف بھی 100 بار سے زائد نیب میں پیش ہو چکے ہیں مگر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب کے علاوہ برطانیہ کے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے سلیمان شہباز کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے اور مکمل تحقیقات کیں مگر وہ بھی اسی نتیجے پر پہنچے کہ کہیں کوئی کرپشن یا دھوکہ دہی نہیں پائی گئی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 376 ارب روپے کے الزامات لگا کر 10 ہزار ثبوتوں کے والیم اکٹھے کرنے والا عمران نیازی کا آئن سٹائن شہزاد اکبر آج کہاں ہے؟ انہوں نے بتایا کہ جب شہبازشریف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تو انہوں نے سوال اٹھایا کہ کرپشن کہاں ہے؟ جس پر عدالت نےبھی کہا کہ کرپشن تو کہیں نہیں ہے۔
پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے نے جو باتیں کہیں وہ سب کے سامنے ہیں کہ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ شہبازشریف کو اندر کر دو مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان پر کوئی الزام ہی نہیں تھا۔