پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہونے والے سیاستدانوں کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا ہے، نئی سیاسی جماعت کا اعلان 72گھنٹوں میں متوقع ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سینئر سیاستدان جہانگیر ترین ، علیم خان، عون چوہدری اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے درمیان علیم خان کی رہائش گاہ پر اہم بیٹھک ہوئی، ظہرانے کے موقع پر اکھٹے ہونے والے سیاسی رہنماؤں کی اکثریت نےکسی پریشر گروپ کے قیام کی مخالفت کی اور نئی سیاسی جماعت کے قیام کی تجویز دی۔
نئی جماعت کی حمایت کرنے والے رہنماؤں نے موقف اپنایا کہ ایک نئی سیاسی جماعت رجسٹر ہونے سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے لوگوں کو بھی نیا پلیٹ فارم میسر آسکے گا، اس موقع پر وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور عون چوہدری نے بھی نئی سیاسی جماعت کے قیام کی حمایت کی۔
مشاورت کے بعد تمام سیاسی رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا کہ جہانگیر ترین نئی سیاسی جماعت کے قیام کیلئے اگلے 72 گھنٹوں میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کریں گے اور باقاعدہ الیکشن کمیشن میں نئی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کروائیں گے۔