
تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ان کی جانب سے توہین مذہب کو بنیاد بنا کر عمران خان کے خلاف شروع کی گئی سوشل میڈیا مہم پر قانونی کارروائی کرے گی۔
پارٹی کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر ان کی جان کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مریم نواز نے عمران خان سے مبینہ طور پر منسوب 2 پرانے بیانات اور ان کے درمیان موازنہ کرنے کے لیے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قرآن مجید کی آیات شیئر کی تھیں۔
انہوں نے یہ بھی ٹوئٹ بھی کیا تھا کہ یہ شخص مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کر رہا ہے اور اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔ اپنے ایمان اور ملک کو اس شیطان سے محفوظ رکھیں۔
https://twitter.com/x/status/1569259542017617923
پی ٹی آئی کے مطابق مریم نواز کی ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر عمران خان کے خلاف توہین مذہب کا ایک ٹرینڈ چلا، اس ٹرینڈ میں پی ٹی آئی چیئرمین کو نشانہ بناتے ہوئے 65 ہزار سے زائد ٹوئٹس کی گئیں۔
چنانچہ اس ٹرینڈ میں کچھ ٹوئٹس ایسی بھی تھیں جن میں مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں مذہب کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا مشورہ دیا گیا تھا، کیونکہ ایسے الزامات کے نتیجے میں کسی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
مذکورہ معاملے پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دیں گے، توہین مذہب کا الزام لگا کر پی ٹی آئی چیئرمین کی جان کو خطرے میں ڈالنے پر مریم نواز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔