حکومت ڈرانے اور دھمکانے کی ہر حد پار کرنا چاہتی ہے، شہباز گل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کہتے ہیں کہ حکومت ڈرانے اور دھمکانے کی ہر حد پار کرنا چاہتی ہے،ٹوئٹر پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے جلسوں کے دوران استعمال ہونے والے جہاز کے پائلٹ کو نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز فون آرہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ لگتا ہے کہ طاقت کے استعمال کی کوئی حد نہیں آپ کے سامنے، آپ ڈرانے دھمکانے کی ہر حد کراس کرنا چاہتے ہیں،لیکن قوم کا خوف دور ہو چکا،اب سب نامعلوم، معلوم ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ اگر خان صاحب کے جہاز کو زمین پر یا فضا میں کوئی نقصان پہنچا تو قوم یاد رکھے کون یہ سب کروا رہے ہیں،پہلے پرائیویٹ کمپنیوں کو جہاز دینے پر دھمکیاں دی گئیں، زبردستی جہازوں کو خراب ظاہر کروا کر ہمارے سفر کو کینسل کروانے کی کوشش کی گئی اب جو جہاز موجود ہے اس کے پائلٹ کو دھمکایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کو جلسے میں لے کر جانے والے پائلٹ کو بھی اب فون کالز پردھمکیاں دی جا رہی ہیں،پاکستان انڈر فاشزم
وفاقی وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ عمران خان کی دھمکی اقتدار اور این آر او کیلئے ہے، عمران خان بتائیں کیا کرپشن کی تحقیقات کرنا دیوار سے لگانا ہے، آپ نے جھوٹے کیس بنائے، اب سچے مقدمات کا سامنا کریں، فرح گوگی، بشریٰ بی بی کی کرپشن اور توشہ خانہ تحائف کی خریدوفروخت سامنے آنے پر انتقام کا شور مچارہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دھمکیوں سے کوئی مرعوب نہیں ہو گا، قانون اپنا راستہ خود بنائیگا،عمران خان سب کچھ بتانے کو تیار ہیں، اپنی کرپشن بتانے کو تیار نہیں،غریبوں کیلئے ریلیف بھی ہضم نہیں ہو رہا، عمران خان سب کچھ بتانا چاہتے ہیں تو بتائیں کہ 2014 میں دھرنا کس کے کہنے پر دیا۔