
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کی گرفتاری کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم عمران خان کے بیانات ایسے ہیں جن سے لگتا ہے کہ انہیں ایک بار گرفتار ہوجانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے لندن میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ جن لوگوں کو لگتا ہے فواد چوہدری کی گرفتاری حکومت کی انتقامی کارروائی ہے وہ جاکر فواد چوہدری کے کیس کی ایف آئی آر دیکھ لیں، انہیں معلوم ہوجائے گا کہ یہ کیس تو الیکشن کمیشن کی طرف سے ہے، فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف بات کی جس پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا عمران نیازی کی گرفتاری کا ارادہ نہیں ہے، میں خود اس وقت اس گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں مگر جس قسم کی گفتگوعمران نیازی کررہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ انہیں گرفتار ہوجانا چاہیے، تاہم ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ یہ کیا طوفان لانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آج میری نواز شریف سے میٹنگ ہے جس کے بعد میں نے کل پاکستان واپس جانا ہے، نواز شریف کی ہدایات کے بعد مریم نواز شریف یکم فروری سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دورے شروع کریں گی۔