
پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے عدم اعتماد کو مسترد کروانے کے اقدام کو سرپرائز نہیں کہا جاسکتا بلکہ یہ غداری ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان جسے ہم سیلکٹڈ کہتے آئے ہیں وہ کوئی بھی غیر آئینی و غیر جمہوری قدم اٹھائے اس سے ہمیں حیرانگی نہیں ہوتی، آپ آئین کوسبوتاژ کرنے کو سرپرائز نہیں کہہ سکتے، یہ اقدام کوئی مذاق نہیں بلکہ غداری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا یہ اقدام آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کے انتخاب میں اس طرح سے مداخلت کرنا ہماری نظر میں جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش ہے، ہماری اعلیٰ عدلیہ سے یہ اپیل ہے کہ ہم اس ملک میں ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے مارشل لاء کو نہیں روک سکے تو آج عمران خان کے اس اقدام کو رکوادے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی، اور اسی کمیٹی کے اعلامیہ کو بہانہ بنا کر قومی اسمبلی میں آئین کو تڑوا کے اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک سے فرار اختیار کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان یہ تاثر دے رہے ہیں کہ اس کمیٹی کے اجلاس کے بعد 197 اراکین قومی اسمبلی جو اس ملک کے 70 فیصد عوام کی نمائندگی کررہے ہیں درآصل غدار ہیں،اب ضروری ہے کہ اس اجلاس میں شریک دیگر اسٹیک ہولڈرز وضاحت دیں یا اس اجلاس کے منٹس سامنےلائے جائیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bil11j12h11.jpg