
گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم کے صاحبزادے نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف ہتک عزت دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں رانا شمیم کے صاحبزادے احمد احسن رانا نے نجی نیوز چینل کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کی، احمد احسن رانا نے کہا کہ والد کے بیان حلفی کے حوالے سے گفتگو کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق چیف جسٹس کے بیٹے احمد احسن کا کہنا تھا کہ سینیٹر فیصل واؤڈا کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا، جس کا نوٹس انہیں پیر یا منگل کے روز مل جائے گا۔
احمد احسن رانا نے دعوی کیا کہ والد دو سال پہلے بھی بیان حلفی دے سکتے تھے، اگر وہ ایسا کرتے تو تحریک انصاف اقتدار میں نہیں آسکتی تھی، بیان حلفی سچا ثابت ہوگیا تو آج بھی حکومت چلی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ راناشمیم اپنے بیان پر قائم ہیں اور میں اپنے والد کے ساتھ ہوں، 26 نومبر کو ہم عدالت میں پیش ہوں کر اپنا جواب بھی جمع کرائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم پر گفتگو کرتے ہوئے انتہائی سخت الفاظ استعمال کیے۔ایک انٹرویو کے دوران فیصل واوڈا نے رانا شمیم پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیسے کھائے ہیں، ان کو سزائیں دینا بڑا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایسے ریٹائرڈ اور ذہنی مفلوج جج کو چوک میں لٹکا کر جوتے مارنے چاہئيں۔
تاہم سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن نے فیصل واوڈا کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل واوڈا نے سابق چیف جج گلگت بلتستان سے متعلق ٹی وی ٹاک شو میں اول فول بولا ہے۔