اسلام آباد: جیل میں قیدیوں کے لیے سیاسی گفتگو پر پابندی کو کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے انٹراکورٹ اپیل میں اس حکم کو آئین سے متصادم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کل ہوگی جس کی سربراہی چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کریں گے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے اپیل میں سنگل بنچ کے فیصلے پر حکم امتناعی کی درخواست بھی کی ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ حتمی فیصلے تک اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے اپنے فیصلے میں جیل میں قیدیوں کی ملاقاتوں میں سیاسی گفتگو پر پابندی کو غیر آئینی قرار دیا تھا، جسے اب چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے شیر افضل مروت اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے اپیل میں چیلنج کیا گیا ہے۔