روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکہ روس کے ساتھ تعاون برقرار رکھنے والے ان ممالک کو نہیں دھمکا سکتا جن کی حکومتیں مضبوط ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دلیر حکومتیں رکھنے والے ممالک کو دھمکایا نہیں جاسکتا، وہ اپنے مفادات میں روس کے ساتھ تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو ممالک ہمارے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتے ہیں وہ ایسا کررہے ہیں،یہ ممالک امریکہ یا برطانیہ کے دباؤ میں نہیں آتے، امریکہ ان ممالک کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرتا ہے یہ بھی ایک حقیقت ہے، تاہم جن ممالک کے حکمران مضبوط ہیں انہیں دھمکایا نہیں جاسکتا۔
روسی صدر نے کہا کہ امریکی دھمکیوں اور بلیک میلنگ کا ان مضبوط لیڈرز پر کوئی اثر نہیں ہوتا جو ملکی مفاد کو کسی اورکے مفادپر ترجیح نہیں دیتے، امریکہ کبھی کبھی براہ راست دھمکیوں پر اتر آتا ہے مگر یہ بےسودہے، روس ان ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے اور منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے،ہم ان مغربی ممالک کے ساتھ بھی تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں جو کسی بھی بیرونی دباؤ کے بغیر روس میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔