اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے مارچ کے مہینے میں لانگ مارچ پر غور شروع کردیا ہے، حتمی فیصلہ آج ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کے دفتر میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ، میر کبیر، شاہ اویس نورانی، حافظ حمداللہ اور حافظ عبدالکریم سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کی اور مارچ میں مارچ سمیت اجلاس کا احوال بیان کیا اور کہا کہ آج اجلاس میں مارچ کے مہینے میں مارچ کی تجویز سامنے آئی ہے جس سے متعلق فیصلہ کل کے اجلاس میں کرلیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار گھنٹے طویل اجلاس میں آئندہ مہینوں میں پی ڈی ایم کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اس دوران اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج پر غور کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم پچ کے دونوں اطراف کھیلیں گے۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں لاہور کے جلسے، لانگ مارچ، حکومت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دیگر آپشنز پر بھی غور کیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کی جانے والی قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ آج جن تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے انہیں حتمی منظوری کیلئے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔