بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی ناگزیر ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ

screenshot_1746710365595.png


اسلام آباد: سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھارت کی حالیہ جارحانہ کارروائیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ڈرونز مسلسل ہماری اہم تنصیبات کا جائزہ لے رہے ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ وہ ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش میں ہیں تاکہ ہم فضائیہ کے ذریعے جواب دیں۔ تاہم، پاکستان اس معاملے میں دانشمندی اور حکمت سے کام لے گا، لیکن خاموش نہیں رہے گا۔


انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی یکطرفہ اور من مانی فوجی کارروائی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور قومی سلامتی کمیٹی پہلے ہی جوابی حکمت عملی کی منظوری دے چکے ہیں، اور پاکستان اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔


لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے سیاسی مفادات کے لیے نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان مظالم کا بھرپور اور مؤثر جواب دے گا، ان شاء اللّٰہ۔


انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کارروائیاں کسی طور نظر انداز نہیں کی جا سکتیں، اور پاکستان اپنا جواب اپنے منتخب کردہ وقت، طریقے اور مقام پر دے گا۔ عوام کو صبر اور حوصلہ رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ بھارت کو اس کے اقدامات کا ضرور جواب دیا جائے گا۔


ناصر جنجوعہ نے مزید کہا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ معصوم پاکستانیوں کو شہید کر کے دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔ یہ پاکستان کی قومی غیرت اور سالمیت کا معاملہ ہے، اور ہم اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو کئی مرتبہ سمجھایا گیا کہ جنگ دونوں ممالک کی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، مگر وہ سمجھنے کو تیار نہیں۔ حالیہ بھارتی طیارے کی تباہی کی تصدیق بھی متعلقہ بین الاقوامی ادارے نے کر دی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔
 

Back
Top