
عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی تقریر بند کرنے سے متعلق افواہوں پر مریم نواز شریف نے ردعمل دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن میں آج مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب شیڈولڈ تھا۔
کانفرنس کے دوران کسی نے ڈائس پر موجود عاصمہ جہانگیر کی بیٹی و صحافی منیزے جہانگیر کے کان میں کہا کہ "میاں نواز شریف کا خطاب کروالیں، برین والے انٹرنیٹ منقطع کرنے کیلئے آرہے ہیں"۔
https://twitter.com/x/status/1462427568456577024
نواز شریف کی تقریر شروع ہوتے ہیں اچانک رک گئی جس پر منیزے جہانگیر نے کہا کہ ہم پرانے کھلاڑی ہیں کوئی جگاڑ لگا لیں گے ویسے بھی تاریں کاٹنا چوہوں کا کام ہوتا ہے۔
میاں نواز شریف نے اپنے خطاب میں بھی انٹرنیٹ منقطع کرنے کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ زبانیں کھینچ لینے یا تار کاٹ دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے، آج اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کی بدترین صورتحال ہے، یہاں سوال پوچھنے پر سیاسی کارکنان اور صحافیوں کو غائب کردیا جاتا ہے انہیں گولیاں ماردی جاتی ہیں، پروگرامز رکوادیے جاتے ہیں یا اینکرز کو نوکریوں سے نکال دیا جاتا ہے۔
انٹرنیٹ پر مختلف پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کی جانے والی اس تقریر کے دوران انٹرنیٹ کی بند ش کی افواہوں کے حوالے سے مریم نواز شریف نے بھی ٹویٹر پر اپنا ردعمل دیا اور کہا کہ سوچیں یہ کتنے کمزور لوگ ہیں جو سچ کا سامنا بھی نہیں کرسکتے اور انہیں سب کچھ بند کرنا پڑتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1462415015357472779
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں ایک سوال بھی کیا اور کہا کہ "برداشت نہیں کرسکتے تو کرتے کیوں ہو؟"
واضح رہے کہ سینئر قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں ایک کانفرنس منعقد کی گئی جس سے چیف جسٹس پاکستان سمیت ملک و غیر ملکی سیاسی، صحافتی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خطاب کیا ۔