آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ پولیس لائن تک آنیوالے خودکش حملہ آور کو دیکھ لیا ہے، حملہ آور پولیس یونیفارم میں تھا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسجد دھماکے کے حوالے سے بتایا کہ پولیس لائن خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہمارے پاس آگئی ہے، سی سی ٹی وی مل گئی ہے ،20، 10ہزار فونز کی جیو فینسنگ ہونی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے خودکش حملہ آور کو دیکھ لیا وہ خیبر روڈ سے موٹر سائیکل پر آتا ہے، خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں تھا۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا پولیس لائنزدھماکے پر افواہوں اور فضول باتوں پر پھٹ پڑے اور کہا اپنے بچوں کی لاشوں پر سیاست نہیں کرنے دوں گا۔ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، بہت سی افواہوں اور معاملات کی وضاحت ضروری ہے۔
معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ میں تکلیف میں ہوں ، میرے نوجوان اور افسران بھی تکلیف میں ہیں ، ہم وردی اتارتے ہیں تو ہمارے بھی بچے ہیں، ہم ذمہ دار لوگ ہیں، تکلیف پر مرہم رکھاجائے، ہمیں بھی انسان سمجھاجائے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم حساس اور ذمہ دار لوگ ہیں، اسوقت ہم غم اور دکھ میں ہیں جس پر مرہم کی ضرورت ہے ، میں 3دنوں شائد تین گھنٹے ہی سویا ہوں گا۔