وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کو بلیک میل کرنے اور قابل اعتراض ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی رہائشی خاتون کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو موصول ہونے والی شکایت پر کارروائی کے دوران نعمان عطاء نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خاتون نے اپنی شکایت میں موقف اپنایا کہ ملزم نعمان قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیو کی بنیاد پر نا صرف اس کو بلیک میل کررہا ہے بلکہ یہ قابل اعتراض سوشل میڈیا پر بھی شیئر کررہا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر پیکاایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم نعمان کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے اور اس کے قبضے سے موبائل فون برآمد کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل معروف ٹی وی اینکر اور سیاست دان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی ضمانت منظور ہو گئی تھی
ملزمہ دانیہ شاہ کو عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں گزشتہ برس دسمبر میں پنجاب کے ضلع لودھراں سے گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر نے عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر کی درخواست پر پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
جولائی 2022 میں ایف آئی اے میں عامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ’دانیہ شاہ نے اپنی والدہ اور لالچی گینگ کے ساتھ مل کر میرے بابا عامر لیاقت کو پیسوں کے لالچ میں بلیک میل کیا، ان کی نامناسب ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔‘