خبریں

کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا گزشتہ سال دواکتوبر کو اپنے سفر پر روانہ ہوئی تھیں، غیر قانونی طور پر روزگار کی تلاش میں جانے والی شاہدہ اس سے قبل چین، ملائیشیا، قطر، عمان، ایران میں پاکستان کی جانب سے ہاکی اور فٹبال مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کا سفر کرچکی تھیں۔ شاہدہ کی چھوٹی بہن سعدیہ اور کزن عارف حسن نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شاہدہ کے چار بھائی اور چار بہنیں ہیں، اس کے والد غریب مزدور ہیں،بیٹی کی موت کی خبر سے والدہ کی حالت غیر ہے، ان کا ایک بھائی آ سٹریلیا میں ملازمت کرتا ہے. سعدیہ نے بتایا کہ شوہر سے علیحدگی اور سات ماہ کے بچے کے انتقال کے بعد شاہدہ بہت زیادہ اداس رہتی تھی، اس کا تین سالہ بیٹا حسن معذور ہے جو شوہر کے پاس ہے، اس کے کراچی کے بڑے اسپتال میں علاج کے لئے شاہدہ نے بیرون ملک جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسے قانونی طور پر باہر جانے کا موقع اور ملک میں بہتر روزگار نہیں مل رہا تھا ، بیٹے کی محبت میں اس نے یہ غیر قانونی قدم اٹھایا،گھر والوں نے بڑی مشکل سے اسے تنہا اس سفر پر جانے کی اجازت دی تھی. انہوں نے بتایا کہ کشتی میں جانے والے ترکیہ پہنچ گئے تھےمگر انہیں وہاں داخلے کی اجازت نہیں ملی جس پر وہ اٹلی کے لئے روانہ ہوگئے تھے مگر راستے میں طوفان لہروں سے کشتی چٹان سے ٹکرا گئی . سعدیہ نے بتایا کہ انہیں لے جانے والوں نے فون پر اس حادثے کی اطلاع دی،ان کے کزن عارف نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے علاوہ کسی نے اس واقعے پر ہم سے رابطہ نہیں کیا، علم دار روڈ نصیر آباد کوئٹہ میں ان کی قیام گاہ کے باہر اہل محلہ جمع ہیں جبکہ گھر میں کہرام کی کیفیت ہے. انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے لئے ہاکی اور فٹبال میں ملک کے لئے خدمات دینے والی شاہدہ کی میت پاکستان لائی جائے اور اسے ملک کی محبت میں کوئٹہ میں دفن کیا جائے۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق نے روپے پر دباؤ بڑھنے کی صورت میں تیل مہنگا ہونے کا اشارہ دے دیا۔ نجی چینل جیو کے پروگرام "کیپٹل ٹاک" میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ عدم استحکام کی وجہ سے ملک کو مسائل کا سامنا ہے، استحکام سے متعلق معاملات پر جن لوگوں کے پاس اتھارٹیز ہیں انہیں بھی غور کرنا چاہیے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ عدم استحکام کی وجہ سے ہوا ہے، موجودہ غیریقینی صورتحال میں ملک چلانا بہت بڑی بات ہے۔ مصدق ملک نے سوال کیا کہ اسحاق ڈار سے پہلے کس کس کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے؟ ڈار سے پہلے جن لوگوں کے پاس اختیار ہے ان کو بھی غور کرنا چاہیے ، کبھی لگتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہوگئی کبھی لگتا ہے کہ بحال ہوگئی ، کبھی لگتا ہے کہ استعفے منظور ہوگئے کبھی کہا جاتا ہے مستعفی نہیں ہوئے۔ انہوں نےکہا کہ روپے پر دباؤ بڑھتا رہا تو آئندہ تیل مہنگا ہوسکتا ہے، روس سے تیل کی درآمد پر معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔
فوادچوہدری اور انکے بھائی سے منسوب مبینہ آڈیو پر فوادچوہدری کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ آج صبح سویرے فوادچوہدری اور انکے بھائی فیصل چوہدری سے منسوب ایک آڈیولیک سامنے آئی جس میں مبینہ طور پر فوادچوہدری کہہ رہے ہیں کہ ایک ٹرک کھڑا ہے وہ مظاہر کو دیدیں اور چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی جسٹس عمرعطاء بندیال سے ملاقات کروائیں۔ اس آڈیو پر فوادچوہدری کا ردعمل سامنے آگیا، انکا کہنا تھا کہ ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی ہے اس آڈیو کا میرے سے کوئ تعلق نہیں نہ ہی چیف جسٹس لاہور سے کبھی ملاقات ہوئ نہ ہی انھیں جسٹس مظاہر کی مدد کا کہا۔
عمران خان کی ٹانگ سے پلستر اتر چکا، دماغ کا پلستر ابھی باقی ۔۔۔امریکی سازش سے یوٹرن لینے پر عمران خان کے کارندوں نے امریکیوں کے پیر پکڑنے شروع کر دیئے: پلوشہ خان رہنما پاکستان پیپلزپارٹی وسینیٹر پلوشہ خان نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ٹانگ کا پلسٹر اتر چکا ہے لیکن ان کے دماغ پر پلستر ابھی بھی لگا ہوا ہے۔ سانپ کھال اور گرگٹ رنگ عمران خان بیانیہ تبدیل کرتا رہتا ہے، امریکی سازش پر یوٹرن لے لیا تو عمران خان کے کارندوں نے امریکیوں کے پیر پکڑنے شروع کر دیئے۔ انہوں نے عمران خان کی عدالت میں پیشی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ہمارے ملک میں سب کے لیے قانون برابر ہوتا تو انہیں وی وی آئی پی پروٹوکول نہ ملتا، ایک جوکر نے ہماری ریاست کو تماشا بنا کے رکھ دیا ہے جبکہ سارے معاشرے کو آلودہ کر رہا ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ اب اس سپر لاڈلے کے مزید ناز نخرے نہ اٹھائے۔ نجی ٹی وی چینل پر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی خواہش پر انتخابات کروا دیئے جائیں تو جس سیاسی بحران میں ہم پھنسے ہوئے ہیں کیا اس سے نکل آئیں گے۔ کیا اسی الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے انتخابات عمران خان قبول کریں گے؟ کیونکہ اتنے وقت میں نیا الیکشن کمیشن نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انتخابات کیلئے پیسے نہیں ہیں، آراوز کے حوالے سے جوڈیشری کہہ چکی ہے کہ عملہ موجود نہیں ہےاور سکیورٹی کون دے گا؟ رینجرز اور فوج بھی انتخابات کیلئے ڈیوٹی دینے کو تیار نہیں نہ ہی پولیس اہلکار اتنی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اگر یہ سب کچھ کر بھی لیا جائے تو کیا عمران خان انتخابات کے نتائج تسلیم کر لیں گے؟ دوسری طرف سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے امریکی وفد نے ان کی رہائشگاہ زمان پارک میں ملاقات کی جس میں امریکہ سے اچھے تعلقات رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ امریکی وفد میں کیلیفورنیا پارلیمنٹ کے ممبر کرس ہولڈن، ممبر پارلیمنٹ وینڈی کیری لو، مائیک گپسن، ریزایلوئس کے علاوہ ڈاکٹر آصف محمود سمیت 4 پاکستانی نژاد امریکی شہری بھی شریک ہوئے۔
کچے کے ڈاکوئوں کی مغوی افراد کی بیویوں اور بیٹیوں سے زیادتی : عدالت میں انکشاف۔۔۔اغوا برائے تاوان ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے، سالانہ 2 بلین کا کاروبار ہو رہا ہے: جسٹس صلاح الدین پنہور ذرائع کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ میں امن وامان کیس کی سماعت ہوئی جس میں سیکرٹری دا خلہ اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کے سامنے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کچے کے ڈاکوئوں کی طرف سے مغوی افراد کی بیویوں اور بیٹیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ڈاکوئوں کی طرف سے مغوی افراد کی بیویوں اور بیٹیوں کے ساتھ زیادتی کے بعد ویڈیوز بھی بنائی گئیں جسے ڈارک ویب پر بااثر افراد کی طرف سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ مغوی رہائی کے بعد بتاتا ہے کہ فلاں وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ نے تاوان کے پیسے لے کر رہائی دلوائی، اغوا برائے تاوان ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے، سالانہ 2 بلین کا کاروبار ہو رہا ہے۔ نشاندہی کی جائے کہ ڈاکوئوں کی سہولت کاری کون کر رہا ہے؟آئی جی سندھ کو یہاں 1 ماہ کیلئے کیمپ لگانا چاہئے۔ آئی جی سندھ نے عدالت میں اپنے جواب میں کہا کہ سٹریٹ کرائمز اور نارکوٹیکس کیسز ، پولیس کچے میں اغوا برائے تاوان کے علاوہ دیگر تمام مسائل سے نپٹنے کی بہترین کوشش کر رہی ہے۔ 275 ڈاکوئوں کے سر کی قیمت 52 کروڑ رکھی گئی ہے، ڈاکوئوں کے سر کی قیمت رکھ دیتے ہیں لیکن وہ پھر بھی نہیں ملتے، ان کے سروں کی قیمت الگ سے رکھی جائے گی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سکھر میں3ہزار100 اہلکاروں میں سے 16سو اہلکاروں کو وی وی آئی پی پروٹوکول پر مامور کیا گیا ہے۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے استفسار کیا کہ لاڑکانہ سکھر ریجن میں کاروکاری اور دیگر جرائم سے کیسے نپٹا جا سکتا ہے؟ کیا ہر چیز یہاں وی وی آئی پیز کیلئے ہے عام آدمی کیلئے نہیں؟انہوں نے کہا کہ آرمی،رینجرز سمیت 3 ماہ کیلئے بہترین فورس چاہیے! ہمارے پاس دو آپشن ہیں جدید ہتھیار دیں یا جوائنٹ آپریشن کیا جائے!
فیصل آباد میں شوہر نے بیوی کی جانب سے 'خاموش رہو' کہنے پر اپنی ہی زبان کاٹ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کےشہر فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے اپنی زبان ہی کاٹ ڈالی، افسوسناک واقعہ بابر کالونی میں پیش آیا ، جہاں کے رہائشی 40 سالہ زمان خان نامی شخص ناراض ہوکر میکے جانے والی بیوی کو منانے اپنے سسرال پہنچا تاہم ناراض بیوی نے واپس گھر آنے سے انکار کردیا۔ خاتون نے شرط رکھی کہ وہ اسی صورت میں واپس آئے گی جب شوہر اپنی زبان بند رکھے گا، زیادہ بولے گانہیں ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرے گا۔ زمان خان نے بیوی کی شرط سن کر خاموش رہنے کیلئے وہیں پر قینچی سے اپنی زبان کاٹ ڈالی، زخمی شخص کو فوری طور طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ اسپتال سے پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان میں زمان خان کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی مرضی سے اپنی زبان کاٹی، تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر پاکستان تحریک انصاف کے حامی ، مجرم بھگوڑوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے یہ حامی اندرون و بیرون ملک بیٹھ کر قومی اداروں اور ان کے سربراہان کے خلاف مذموم بھارتی ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں، حکومت ملک دشمن اس مہم کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ کے آخر میں پی ٹی آئی کے تمام حامیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ" ان زبانوں کو لگام ڈالیں گے"۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق فوجی افسر میجر ریٹائرڈعدیل راجہ نے آرمی چیف پر عمران خان کے قتل کی پلاننگ کا الزام لگایا تھا جس پر ن لیگی رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا اور انہیں انٹرپول کی مدد سے گرفتارکرکے پاکستان لانے کا مطالبہ کیا تھا۔
سابق خاتون اول کی سہیلی فرح گوگی نے خود پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے دائرہ اختیار کو چیلنج کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح خان عرف فرح گوگی کے وکیل اظہر صدیق نے ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست ایف آئی اے میں جمع کروادی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کا اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے۔ اظہر صدیق نے درخواست میں موقف اپنایا کہ فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف اس معاملے پر اینٹی کرپشن پنجاب نے تحقیقات کی ہیں اور اس معاملے کا مقدمہ درج ہوکر خارج بھی ہوچکا ہے، جب ایک معاملے کی انکوائری مکمل ہوگئی اور مقدمہ خارج بھی ہوگیا تو ایف آئی اے اب کس اختیار کے تحت دوبارہ مقدمہ درج کررہا ہے۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے نے سابق خاتون اول کی سہیلی فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ اور اربوں روپے کی کرپشن کے الزمات پر مقدمہ درج کیا تھا، ایف آئی اے نے یہ مقدمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پر درج کیا تھا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکج کے تحت دی گئی سبسڈی ختم کردی گئی جس کے بعد گھی کی قیمت میں 115 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ وزیراعظم پیکج کے تحت سستے داموں فروخت ہونے والے گھی پر کیا گیا ہے، گھی کا ایک کلو کا پیکٹ پہلے375 روپے میں فروخت ہورہا تھا جو اب490 روپے کا ہوگیا ہے۔ گھی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام( بی آئی ایس پی) کے مستحقین پر نہیں ہوگا، یہ افراد 300 روپے فی کلو کے حساب سے گھی خرید سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر 375 روپے والا گھی بھی نایاب ہوگیا ہے اور عوام دوسری کمپنیوں کا مہنگا گھی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں جن کی قیمتیں 600 روپے کے لگ بھگ ہیں۔گھی کی قیمت میں 75 روپے اضافہ ہونے کے باوجود یہ گھی عوام کی پہنچ سے باہر ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم پیکج کے تحت فروخت ہونے والے گھی کی قیمت میں دوماہ کے اندر دوسری باراضافہ کیا گیا ہے، یکم جنوری 2023 کو بھی اسی گھی کی قیمت میں 75 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، مجموعی طور پر دو ماہ کے اندر گھی کی قیمتوں میں 190 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے تحت چینی 89 روپے، آٹا 10 کلو 650 روپے کا کردیا گیا تھا جبکہ دیگراشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے لفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو بغاوت پر اُکسانے کے مقدمے میں ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم جاری کیا لیکن ایف آئی اے نے امجد شعیب کو ایک اور مقدمے میں پھنسانے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق امجد شعیب نے وزیراعظم شہبازشریف پر قطر میں اسرائیلی حکام سے سے ملاقات کا الزام لگایا تھا، اور ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں عوام کو ریاست کے خلاف کرنے کی کوشش کی تھی۔ ذرائع کے مطابق امجد شعیب تین مرتبہ ایف آئی اے کی انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوئے، لیکن تینوں مرتبہ انویسٹی گیشن ٹیم کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اس سے قبل سابق فوجی افسر کو پاکستانی وزیراعظم اور اسرائیلی وفد کے درمیان ملاقات کے حوالے سے الزامات عائد کرنے کے بعد 7 ستمبر کو طلب کیا تھا۔ اس کے باوجود وہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ https://www.facebook.com/samaatvnews/videos/%D8%A7%D9%85%D8%AC%D8%AF-%D8%B4%D8%B9%DB%8C%D8%A8-%D9%86%DB%92-%D9%88%D8%B2%DB%8C%D8%B1%D8%A7%D8%B9%D8%B8%D9%85-%D9%BE%D8%B1-%D9%82%D8%B7%D8%B1-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%A7%D8%B3%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%8C%D9%84%DB%8C-%D8%AD%DA%A9%D8%A7%D9%85-%D8%B3%DB%92-%D9%85%D9%84%D8%A7%D9%82%D8%A7%D8%AA-%DA%A9%D8%A7-%D8%AC%DA%BE%D9%88%D9%B9%D8%A7-%D8%A7%D9%84%D8%B2%D8%A7%D9%85-%D9%84%DA%AF%D8%A7%DB%8C%D8%A7-%D8%AA%DA%BE/414770254058181/ بعد ازاں امجد شعیب نے اپنے الزامات واپس لیتے ہوئے معذرت کی تھی۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کا معاملہ، الیکشن کمیشن اجلاس سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ، صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا سے دوبارہ مشاورت کا فیصلہ،ذرائع تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نہ صرف صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا سے دوبارہ مشاورت کا فیصلہ کیا گیاجن سے الیکشن کی تاریخوں پر مشاورت ہوگی اجلاس میں کہا گیا کہ انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ سے بھی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سے سیکورٹی طلب کرنے کے لۓ مراسلہ بھیجا جاۓ گا جبکہ فنڈز کی فراہمی کے لئے وزارت خزانہ سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تمام ادارے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہیں،آئین کے تحت تمام سرکاری محکمے الیکشن کمیشن سے تعاون کے پابند ہیں ، سرکاری اداروں اور محکموں کی طرف سے عدم تعاون توہین عدالت ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ و پنجاب کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایران سے گیس منصوبہ نامکمل ہونے پر پاکستان پر 18 ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو وزارت پیٹرولیم کی جانب سے بتایا گیا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل نہ ہوا تو پاکستان کو 18 ارب ڈالر کا جرمانہ ہو نے کا خدشہ ہے۔ پی اے سی کے چیئرمین نورعالم خان نے پاک ایران گیس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے کہا کہ امریکہ ہمیں 18 ارب ڈالر کا ریلیف دے یا ہمیں اس معاہدے پر عملدرآمد کی اجازت دے۔ امریکہ سے مطالبہ کیا ایران سے گیس کے حصول کے لئے پابندی پر نظرثانی کرے۔ پی اے سی نے وزارت خارجہ کو اس سلسلے میں امریکی سفیر سے رابطے کی ہدایت کردی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم نے کہا امریکا ہمیں 18 ارب ڈالر کا ریلیف دے یا معاہدے پرعملدرآمد کی اجازت دے ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ 325 ارب روپے گیس انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مدمیں وصول کیے مگر خرچ 2 ارب کیے، 322 ارب روپے پڑے ہیں مگر پراجیکٹ نہیں چل رہے۔ بدھ کو پی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نورعالم خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی،پٹرولیم ڈویژن کے 2021.22 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر صحافی ثاقب بشیر نے کہا صحافیوں پر سر عام تشدد پر آئی جی اسلام آباد 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود مقدمہ درج کرنے سے انکاری کیوں ہیں ؟ دوسری طرف آئی جی صاحب وزیر داخلہ کو بتا رہے ہیں ہمارے معاملات طے پا گئے یہ جھوٹ کیوں بول اور پھیلا رہے ہیں ؟ ہمارا مطالبہ مقدمہ درج کرانا ہے وہ کرائیں گے اسلام آباد پولیس نے جواب دیا محترم اس معاملے پر انکوائری کی جارہی ہے، آپ سے گزارش ہے کہ کارروائی میں شامل ہو کر اپنا موقف پیش کریں، تاکہ میرٹ پر کارروائی عمل میں لاکر انکوائری تکمیل تک پہنچائی جا سکے۔ سوشل میڈیا صارفین اور صحافی بھی میدان میں آگئے،حامد میر نے لکھا جناب آپ انکوائری نہیں کر رہے آپ اپنے قانون شکن ساتھیوں کو بچا رہے ہیں ثاقب بشیر کی تحریری درخواست تھانہ رمنا میں موجود ہے اور وہی انکا مؤقف ہے آپ کو اچھی طرح پتہ ہے کہ آپ نے زیادتی کی لیکن آپ وزیرِداخلہ کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں فیض محمود نے لکھا تشدد ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔۔ اور تشدد کون کررہے یہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔۔ پھر مقدمہ نہ کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ مقدمہ درج کریں پھر تفتیش کریں۔ اویس یوسفزئی نے کہا فوٹیج میں نظر آ رہا ہے کہ پولیس صحافی کو بری طرح پیٹ رہی ہے۔ اس پر کیا موقف چاہیے اب پولیس کو؟ سہیل راشد نے لکھا محترم پولیس ایسے ہی ٹوئٹر پر بتا دیں ایف آئی آر اندراج کی درخواست کل سے آپ کے پاس ہے ابھی تک اس پر کیا کارروائی ہوئی؟ کیا ایف آئی آر کی درخواست میں مکمل موقف درج نہیں ہے؟ کیا ابھی تک سی سی ٹی وی فوٹیج سے آپ نے اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی یا نہیں؟ اسماعیل الدین نے لکھا محترم، آپ کا کام سب سے پہلے ایف آئی آر درج کرنا ہے جو پولیس اہلکار اور افسر شامل ہیں ان کے نام ڈالنے ہیں اس کے بعد تفتیش اور تحقیقات کا سلسلہ شروع ہوگا۔ قانون سے اس حد تک بے خبری؟ عجیب ہے۔ محمد فیض خان نے لکھا تشدد کرنے یا مارنے سے پہلے آپ نے انکوائری کی تھی کہ کس کو اور کیوں مار رہے ہیں۔ ویسے بھی مارنے والے خود کیسے انکوائری کر سکتے ہیں اور انکوائری ایک ہی صورت میں ہوسکتی ہے کہ پہلے ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے زبیر علی خان نے کہا وہی قاتل وہی شاہد وہی منصف ٹھہرے اقربا میرے کریں قتل کا دعویٰ کس پر ؟ ہمیں معلوم ہے کہ کس کے کہنے پر صحافیوں پر تشدد ہوا، وہاں مقدمہ درج کرواتے ہوئے تو پر جلتے ہیں بس پولیس اہلکاروں کو قربانی کا بکرا بنانے کے کیے انکوائریوں کی ضرورت نہیں۔ محسن خان نے کہا پتا نہیں کون جاہل اس ٹویٹر ہینڈل کو آپریٹ کرتا ہے، اس گدھے کو اتنا نہیں پتا کہ سب سے پہلے مقدمہ درج ہوتا ہے پھر تفشیش ہوتی ہے، اور وہ کونسی انکوائری ہے جو ختم نہیں ہو رہی، صحافیوں پر بلاوجہ تشدد ہوا جو پوری دنیا نے دیکھا بس آپکی آنکھوں پر بغیرتی کی پٹی بندھی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی لطیف کھوسہ کہتے ہیں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن 90 دن میں نہ کروائے گئے تو توہین عدالت لگے گی، جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن 90 دن میں کروانا لازم ہے،عدالتی حکم سے انحراف پر توہین عدالت لگے گی۔ مسلم لیگ ن کے وکیل منصور اعوان نے کہا سپریم کورٹ سے ایک نہیں دو فیصلے آئے،سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدرعابد زبیری کا کہنا تھا کہ 90 دن کے بعد پنجاب اورخیبرپختونخوا کی نگراں حکومتیں خود بخود ختم ہوجائیں گی۔ جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون بیرسٹر صلاح الدین احمد نے کہا فیصلہ واضح ہوتا تو اس میں ابہام نہ ہوتا، دو ججوں نے کہا کہ وہ دیگر دو ججوں کے فیصلےکی تائید کرتے ہیں، اس لیے فیصلہ چار تین سے ہو گیا ہے، اگر اس معاملے پر فل کورٹ تشکیل دے دیا جاتا تو یہ کنفیوژن آسانی سے دور ہو سکتی تھی۔ ماہر قانون رشید اے رضوی کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہے کہ یہ معاملہ فل کورٹ کے سامنے رکھا جائے، عدالت نے جلد بازی کی کہ کیس ختم کرو، اتنے بڑے فیصلے پر کبھی اتنی جلدی نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نوے روز میں انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے،ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ کا تین دو کی اکثریت سے فیصلہ دیا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ گورنر اپنا آئینی کردار فوری ادا کرنے کے پابند ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی دوران حراست تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،جس پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ردعمل دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے امجد شعیب کی تصویر شیئر کی ہے اور لکھا کہ ان کو اس طرح دیکھ کر بطور پاکستانی مجھے شرمندگی محسوس ہو رہی ہے،امپورٹڈ حکومت نے ایک محب وطن پاکستانی کو بغاوت کے الزام میں جیل بھیج دیا ہے۔ امجد شعیب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہیں، ان کو ٹی وی پر مبینہ اشتعال انگیز بیان پر گرفتار کیا گیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے خلاف مقدمے کے اخراج کی درخواست پر دفتری اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے وکیل کو اعتراض دور کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ عدالت نے امجد شعیب کی درخواست پر وکلاء کو اعتراض دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کر دی تھی۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق کوئی ایسی حکمت عملی بنا کر دن منتخب کریں جس سے رمضان یا مسیحی برادری کے ایسٹر کے ایام متاثر نہ ہوں۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے صدر حافظ مولانا طاہر اشرفی نے صدر عارف علوی، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کیلئے جس بھی تاریخ کا اعلان کریں اس میں رمضان المبارک اور مسیحی برادری کے ایسٹر کے ایام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک خالص عبادات کا مہینہ ہے جو سال میں ایک ہی بار آتا ہے اور نجانے دوبارہ کسی کو نصیب ہو یا نہ ہو اس لیے میری اداروں سے اپیل ہے کہ وہ اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے کوئی ایسی تاریخ منتخب کریں جب رمضان میں لوگوں کی عبادات متاثر نہ ہوں۔ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اس طرح انتخابات سے نہ تو لوگوں کا رمضان پر فوکس رہے گا اور نہ ہی انتخابات میں بھرپور شرکت اور گرمجوشی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے انتخابات کی تاریخ 15 شوال کے بعد کی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل صدر نے جو تاریخ دی تھی وہ رمضان میں آ رہی تھی اس لیے دوبارہ اس چیز کا خیال رکھا جائے۔ یاد رہے کہ ان کا یہ ویڈیو پیغام سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے 3 ماہ کے اندر اندر انتخابات کرانے کے فیصلے سے قبل کا ہے تاہم اب سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ 90 روز کے اندر اندر انتخابات لازمی کرائے جائیں۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ پنجاب کیلئے صدر اور خیبرپختونخوا کیلئے گورنر تاریخ کا اعلان کریں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کہتی ہیں کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں جھوٹ، سچ کا فرق سمجھنا ہوگا، ن لیگ ساہیوال کی یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ اجلاس میں لیگی رہنما نے کہا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیے، پارٹی نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب اور لیپ ٹاپ دیے،نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہی پاکستان کی ترقی کی کلید ہے، ن لیگ نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور تعلیم کے مواقع دیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے یوتھ پروگرام شروع کیا، وزیراعظم شہباز شریف اس پروگرام کو مزید وسیع کرچکے ہیں، نوجوانوں کو تمام شعبوں میں آگے لائیں گے۔ دوران اجلاس یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا کے تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا اور ونگ کو وسعت دینے پر مشاورت کی گئی،مریم نواز کو پارٹی عہدیداروں نے یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا کو مزید بہتر بنانے سے متعلق تجاویز دیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے از خود نوٹس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 روز میں ہوں گے۔ فیصلہ 3، 2 سے سنایا گیا،، بنچ کے 2 ممبران نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا اختلاف کرنیوالوں میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے۔ اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ ہائیکورٹس3 روز کے اندر کیس کا فیصلہ کریں،آرٹیکل 184 تین کے تحت یہ کیس قابل سماعت نہیں، ہائیکورٹس میں اسی طرح کا کیس زیر سماعت ہے۔ اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ کو جسٹس یحییٰ آفریدی اور اطہرمن اللہ نے جو نوٹ دیا اس پر ہم مطمئن ہیں، سپریم کورٹ کی ایسی مداخلت صوبائی خود مختاری میں مداخلت ہے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میرے تحفظات ہیں لیکن میری ذمہ داری ہے لہذا بینچ پر بیٹھوں گا۔90روز میں انتخابات کرانے کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔پہلے سےموجود درخواستوں کو جلدی سننے کی کوشش کی گئی ججز کے اختلافی نوٹ کے مطابق ظہور الہٰی اور بے نظیر بھٹو کیس کے فیصلے اس بارے میں واضح ہی، منظور الہٰی اور بے نظیر کیس کے مطابق از خود نوٹس لینا نہیں بنتا، اختلاف کرنیوالے ججز نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ سپریم کورٹ ایپکس کورٹ ہے، اسے ان معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، ایسا کرنا صوبائی خود مختاری میں مداخلت ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کا ایک بار پھر ڈو مور کا مطالبہ سامنے آگیا، آئی ایم اف نے معاہدے سے پہلے پاکستان کے سامنے مزید چار شرائط رکھ دیں، اسٹاف لیول معاہدے کے 4 نئے مطالبات رکھ دیئے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے حوالے سے 1998 جیسی صورتحال کا سامنا ہے،ٓئی ایم ایف نے بجلی پر 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ سرچارج 4 ماہ کے بجائے مستقل بنیادوں پر عائد کرنے کا مطالبہ بھی کردیا، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان سے شرح سود بڑھانے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی بیرونی قرضوں پر تحریری یقین دہانیاں بھی مانگ لی، پاکستان نے شرح سود بڑھانے کے آئی ایم ایف کے مطالبے کی تکمیل کےلیے مانیٹری پالیسی بورڈ کا اجلاس 2 مارچ کو طلب کرلیا، پاکستان کو چین سے مزید 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز 3 اقساط میں ملنے کی توقع ہے۔ پاکستان اورآئی ایم ایف کےساتھ کل دوبارہ ورچوئل مذاکرات متوقع ہیں، ذرائع کے مطابق مذاکرات سے قبل بجلی بلوں کی وصولیاں شروع کرنےکےعمل کےبعد شروع ہوں گے،کل مانیٹری پالیسی کمیٹی کےہونےوالے اجلاس کےفیصلےسے بھی آئی ایم ایف کوآگاہ کیا جائے گا۔
ملک میں جہاں عوام مہنگائی سے پریشان ہیں وہیں با اثر افراد خوشیاں منانے میں مگن ہیں ، صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری میں با اثر سیاسی شخصیت کی شادی میں ڈالرز کے ہار اور سونے کا تاج پہنایا گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق مٹیاری میں سندھ کے صوبائی وزیر برائے ریونیو مخدوم محبوب الزمان کے پرسنل اسسٹنٹ سید سیف شاہ کے نکاح کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر کے مینیجر مسرت جعفری نے ڈالر کا ہار اور سونے کا تاج پہنایا، اس موقع پر صوبائی وزیر کے والد اور رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان بھی موجود تھے۔ مٹیاری سے تعلق رکھنے والے سندھ کے صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزمان اور ان کے والد رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان موٹر وے میگا کرپشن اسکینڈل سے بھی جڑے تھے،سی پیک موٹر وے اسکینڈل میں اربوں روپے کی خردبرد ہوئی تھی۔

Back
Top