صحافی تنظیم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر عائد پابندی کو مسترد کرتے ہوئے اسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صحافتی تنظیم" ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز"(ایمنڈ) نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) کی جانب سے عمران خان کی تقاریر، گفتگو و بیانات نشر کرنے پر عائد پابندی کو مسترد کردیا ہے۔
ایمنڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا یہ فیصلہ آئینی و بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا کو چاہیے کہ آزادی اظہار رائے کا احترام کرے، پیمرا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرسکتا ہے، کسی سیاسی رہنما کی تقاریر یا گفتگو نشر کرنے پر پابندی عائد کرنا ایک غیر قانونی عمل ہے۔
ایمنڈ کے مطابق آئین پاکستان ملک کے ہر فرد کو قانونی ضابطوں میں رہتے ہوئے تقریر و تحریر کا اختیار دیتا ہے، قوانین کی خلاف ورزی پر ریاست وادارے کارروائی کا مکمل اختیار رکھتے ہیں، ایمنڈ نے ماضی میں بھی اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کی مخالفت اور موثر جدوجہد کی ہے، پیمرا ایسے غیر قانونی، غیر ضروری اور اظہار رائے کی آزادی کے خلاف اقدامات سے گریز کرے۔
واضح رہے کہ پیمرا نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو عمران خان کی لائیو و ریکارڈڈ تقاریر، بیانات اور گفتگو نشر کرنے سے روک دیا تھا۔