اسلام آباد ۔ ویسے تو ٹوئٹر پر صارفین کی توجہ حاصل کرنے
کیلئے آئے روز دلچسپ اور اچھوتے #ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہوتے ہیں ، تاہم آج ، بروز بدھ ایک ایسا ٹرینڈ منظر عام پر آیا جسے ٹوئٹر کے مقامی اور بین الاقوامی صارفین کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی اوردیکھتے ہی دیکھتے وہ ہیش ٹیگ پاکستان میں ٹاپ پر پہنچ گیا ۔
جی ہاں،جس ہیش ٹیگ کا تذکرہ کیا جا رہا ہے وہ #YehiDostiHaiہے جو آج کافی دیر تک ٹوئٹر کے ہوم پیج کی زینت بنا رہا۔ جس تیزی سے یہ ہیش ٹیگ سر فہرست آیا، تو اسے ایکسپلور کرنے کا تجسس بھی بڑھتا گیا۔ اور جب اس کے تھریڈز کو تفصیلاً فالو کیا گیا تو معلوم ہوا کہ دراصل یہ ہیش ٹیگ پاکستانی عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی حکومت بالخصوص اس کے عوام کی پاکستان سے لازوال محبت اور بے پناہ لگاؤ کا شکریہ ادا کرنے کی غرض سے ایک کیمپین کا حصہ تھا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات رواں سال اپنے وجود کی 50 ویں سالگرہ منا رہا ہے، اور اقوام عالم بخوبی آگاہ ہیں کہ پچھلے چند سالوں میں متحدہ عرب امارات اپنے عوام کی جانب سے 65ارب روپے کی وسیع سپورٹ سے ہر کٹھن مرحلہ میں پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا ہے، جس کیلئے پاکستان قوم متحدہ عرب امارات کی بے پناہ شکر گزار ہے۔
پاکستان کے دہشت گردی سے متاثرہ سوات ، شمالی و جنوبی وزیرستان میں 21ارب روپے (121ملین امریکی ڈالر)سے انفراسٹرکچر کی تعمیر کا مرحلہ ہو یا خیبر پختونخوا، جنوبی وزیرستان، باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے پسماندہ علاقوں میں 7.5ارب روپے(41 ملین امریکی ڈالر) سے بچوں اور بچیوں کیلئے سکولوں کی بحالی و از سر نو تعمیرکا معاملہ،اسلام آباد، خیبر پختونخوا جنوبی وزیرستان ، دیر اور باجوڑ میں 22 ارب روپے(126ملین ڈالر)سے صحت کی جدیدسہولیات کی فراہمی ہو یا ملک بھر میں 21.6ارب روپے(120ملین امریکی ڈالر) سے پولیو کے خلاف جنگ،آبی قلت کے شکار خیبر پختونخوا ، سوات، جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی میں 1.2ارب روپے(6.7ملین امریکی ڈالر) سے پینے کے صاف پانی کے جامع پراجیکٹس ہوں یا دیگر کئی مشکل مرحلوں پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی عوام کیلئے 2ارب روپے (11ملین امریکی ڈالر )کی امدا کا معاملہ ہو، حکومت متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستانی قوم کا بہترین دوست ہونے کا حق ادا کیا ہے۔
اس ہیش ٹیگ کو سر فہرست دیکھ کر دلی مسرت ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پاکستانی عوام اپنے دوست ممالک کے عوام کا شکریہ کا حق بھی بخوبی ادا کرنا جانتے ہیں۔ہم دعا گو ہیں کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین 50 سالہ پرانی دوستی یونہی قائم و دائم رہے، کیونکہ اصل میں تو #یہی دوستی ہے!