لاہور پولیس نے ویمن پولیس اسٹیشن لٹن روڈ کی ایس ایچ او، سب انسپکٹر ثانیہ، کو غیر قانونی طور پر 9 ایم ایم پستول رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ پستول ایک ڈکیتی کے ملزم سے برآمد ہوا تھا، جس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اسلحہ خاتون ایس ایچ او کی غیر قانونی تحویل میں تھا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر، پولیس فورس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور بدانتظامی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت، ایس ایچ او ثانیہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے مذکورہ پستول برآمد ہوا۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے انکوائری رپورٹ کے بعد ایس آئی ثانیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی بدنامی کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کا کڑا احتساب یقینی بنایا جا رہا ہے، اور احتساب کے عمل سے کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا کہ پولیس فورس میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ محکمہ پولیس کی ساکھ بحال کی جا سکے۔