لندن پلان میں گورنر پنجاب بھی شامل تھے: ہاشمی کا الزام
باغی نے پھر پنڈورا باکس کھول دیا، کہتے ہیں کہ لندن پلان میں گورنر پنجاب بھی شامل تھے۔ پاکستان میں طاہر القادری اور عمران خان کی ملاقاتوں کو پی ٹی آئی کور کمیٹی سے بھی چھپایا گیا۔
) ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ حمید گل نے ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ شاہ محمود قریشی بھی ہماری ہی نرسری کے ہیں۔ شاہ محمود قریشی جنرل پاشا سے ملنے ابو ظہبی گئے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے بھائی کو بتایا کہ وہ جلد تحریک انصاف کے چیئرمین ہوں گے اور ان جرنیلوں نے وزیراعظم بنانے کا وعدہ بھی کر دیا ہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران بھی کئی بار شاہ محمود قریشی خفیہ طور پر امریکہ کے سفیر سے ملے۔ ایک طرف جلسے میں امریکہ کی مذمت کرتے ہیں تو دوسری طرف رات کو وضاحتیں پیش کرتے ہیں۔ جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے سنا ہے کہ لندن پلان میں گورنر پنجاب محمد سرور بھی موجود تھے۔ وہ بھی معاملات کرانے والوں میں تھے یا وہاں موجود تھے لیکن براہ راست اطلاعات نہیں ہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ سی ای سی کی میٹنگ اور پریس کانفرنس میں عمران خان نے بھی انکار کیا کہ طاہر القادری سے لندن میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی شاہ محمود قریشی، عمران اور طاہر القادری کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں۔ پارٹی میں سارے عمران خان کا حشر کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ عمران خان کی بوٹیاں نوچ کر کھانا چاہتے ہیں۔