tariisb
Chief Minister (5k+ posts)
کیسا ہو گا
__________________________________________________ ____
صبح سویرے ، ٹی وی کے مارننگ شوز میں کوئی کوئی نجومی ، کوئی عامل ، کوئی جادوگر نا بیٹھا ہو تو ؟ لگتا ہے شو کا پیٹ نہیں بھرتا ، سپانسر راضی نہیں ہوتا ، کوئی جن نکال رہا ہوتا ہے ، کوئی فالنامہ گھڑ رہا ہوتا ہے ، کوئی لائیو کالر کو شام سات بجے بعد کال کرنے کا مشورہ دے رہا ہوتا ہے ، شام تک میں آسمان کھنگال لوں ، پھر بتاؤں گا ، کون سی آفت نازل ہونے والی ہے ، تب تک حساب کتاب کے ساتھ "تخمینہ" بھی لگا لوں گا ، کتنا خرچہ آنا ہے ، برانڈڈ استخارہ کے لیے "ایزی پیسہ" کتنا کرنا ہے ، آج صبح "مارننگ ود فرح" میں، کوئی ٤/ ٥ فارغ نجومی و "ڈیسپیریٹ " قسم کی نجومنیاں فرح کے "ود" تھیں ، میک اپ انت تھا ، لباس ختم تھا ، درفتنیاں عجیب تھیں ، ٹانگ پہ ٹانگ رکھے ( :13:(cry)) کنڈلیاں بنا رہیں تھیں، سال ٢٠١٦ کے لیے بہت سی پیش گوئیاں تھیں
کیسا ہو گا ؟ ٢٠١٦ ، آج آخری دن ہے ، آخری رات ہے ، نیا سال شروع ہونے کو ہے ، ابھی سے ہی سب کو فکر پڑی ہے ، سب اس طرح سے پوچھتے ہیں ، جیسے اگلے سال کی خبر سن کر ، آج ہی بندوبست کرنا ہے ، ذخیرہ اکٹھا کرنا ہے ، کیوں کہ ؟ ہم دنیا کی منظم ترین قوم ہیں ، بہترین تنظیم ہیں ، ہر کام پلاننگ سے کرتے ہیں ، اسی لیے شدید فکر لاحق ہے ، کوئی جھانک کر بتاے اگلے سال کیا کیا ہو گا ؟ ہونا کیا ہے ؟ یہ بھی کون سا مشکل ہے ؟ شاہد مسعود سے پوچھیں تو ؟ آنے والے دنوں (سال) میں ، مارشل لاء لگے گا ، شیخ صاحب نے مارچ میں گرما گرمی کی پیش گوئی پہلے کر رکھی ہے ، ناشتہ کی شرط لگا رکھی ہے ، میاں صاحب کے خیال میں ، ٢٠١٦ میں "الله کے فضل و کرم سے" داخلہ ، خارجہ اور مطالبہ سے محروم حکومت اسی طرح جاری رہے گی ، بلاول کا کیا بنے گا ؟ امسال کی طرح اگلے سال بھی گھسیٹ ، کھینچ کھانچ کر سٹیج پر چڑھایا جاتا رہے گا ، لمبی تقریر کرنے بعد ، دوسروں سے پوچھا کرے گا ، میں نے کیا کہا ؟ ٹھیک کہا نا ؟ ، خان صاحب کا کیا ہو گا ؟ امکان ہے دل بے قرار ہو سکتا ہے ، جو دل آتا ہے کریں ، لیکن دل ؟ ہاے دل ، کمبخت دل ، ہاں ، شادی بلکل نا کریں ، ورنہ یہ سال بھی تلپٹ رہے گا ، سیاست سے زیادہ کچن میں ہنگامہ رہے گا ، احتیاط ، احتیاط ، پرہیز "علاج" سے بہتر ہے ، شیخ صاحب سے بیچ اس مسلے کے مشاورت ضرور کریں ، پھر اگلا سال دھیما دھیما ، ٹاواں ٹاواں سا ہی ہو گا ، قادری صاحب کا اگلا سال پچھلے سے زیادہ مختلف نا ہو گا ، زیادہ وقت کینیڈا میں ہو گا ، میلاد البتہ صرف اور صرف لاہور میں ہو گا اس کے سوا کہیں نا ہو گا ، راحیل شریف کے لیے پورے سال میں نومبر ہی ، پنج سالہ ہو گا ، جنوری میں نومبر ہو گا ، فروری میں نومبر ہو گا ، خیال میں نومبر ہو گا ، خواب میں نومبر ہو گا ، دھیان میں نومبر ہو گا ، بس ؟ چاروں طرف نومبر ہی نومبر ہو گا
__________________________________________________ ______________
کیسا ہو گا / ٢٠١٦
ویسے ہم پاکستانی زیادہ فکر مند کیوں ہوتے ہیں ؟ ہماری کیا درگت بننی ہے ، ہمیں نہیں پتہ تو کسے معلوم ہو گا ؟ کیسا ہو گا ٢٠١٦ ؟ نوٹ فرما لیں ، سردی میں گیس کی قلت ہو گی ، مارچ میں پریڈ ہو گی ، گرمی کا آغاز ڈینگی سے ہو گا ، لوڈشیڈنگ سے برا حال ہو گا ، رمضان میں منافع خور ، مکمل آزاد ہوں گے ، بس شیطان بلا وجہ جکڑا رہے گا ، رمضان کریم کے کوڑے غریبوں پر تابڑ توڑ برسیں گے ، عید پر ٹرانسپورٹر کراے بڑھا دیں گے ، گرمیوں کی چھٹیوں میں سکول تین تین ماہ کی اکٹھی فیس بٹوریں گے ، سمر کیمپ کا بل الگ سے بنا دیں گے ، جون میں عوام دوست ، نوکیلا . زہریلا سا ، غریب کا پیارا سا بجٹ نازل ہو گا ، جولائی میں بارشیں ہوں گی ، ساون کا رومان گٹروں ، نالیوں سے ابلے گا ، سیلاب کا خطرہ ہو گا ، اگست میں جشن آزادی ہو گا ، نئی نسل سائلنسر اتار کر ، کانوں کے پردے پھاڑ کر آزادی مناے گی ، سیاستدان قائد سے پھر جھوٹے وعدے کریں گے ، فلاحی مملکت کے لارے لگائیں گے ، ستمبر میں یوم دفاع ہو گا ، وطن کے سجیلے ( رنگیلے / نخریلے) جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جاے گا ، اکتوبر میں موسم خوشگوار ہو گا ، نومبر میں خشکی سے برا حال ہو گا . ٹیکسز والا ضمنی بجٹ آنے کا سراسر امکان ہو گا ، ہر مذہبی تہوار پر موبائل بند ہوں گے ، عام شہریوں کا محاصرہ ہو گا ، دسمبر ہر سال کی طرح بھیگا بھیگا سا ہو گا ، اجڑے عاشقان کا دل بے قرار ہو گا ، طبیعت میں ہیجان ہو گا ، کاسمیٹکس کا خرچہ بہت زیادہ ہو گا ، اور سال ختم ہو جاے گا ، پھر ٢٠١٧ کا ہیپی نیو ائیر ہلہ گلہ ہو گا ، ہم آدھی رات محفلیں جمائیں گے ، ڈھیروں ایس ایم ایس بھیجیں گے ، رولا گولہ ، کھیل تماشا کریں گے ،
_________________________________________________
بہرحال ! انتظامی ، حسابی ، کتابی ، ادارہ جاتی (غیر اسلامی) نیا سال مبارک ہو ،
نیا سال ، امن ، شانتی ، سکون ، سہولت ، تسلی ، تشفی ، خوشی سے بھرپور ہو ، آمین ، آمین
بہرحال ! انتظامی ، حسابی ، کتابی ، ادارہ جاتی (غیر اسلامی) نیا سال مبارک ہو ،
نیا سال ، امن ، شانتی ، سکون ، سہولت ، تسلی ، تشفی ، خوشی سے بھرپور ہو ، آمین ، آمین

Last edited: