
اسلام آباد انڈسٹریل ایریا سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے مظاہرین کو اڈیالہ نہیں بلکہ اسلام آباد میں ہی رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں عمران خان پر گوجرانوالہ میں قاتلانہ حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے احتجاج جاری ہے ، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس اور ایف سی پر پتھراؤ کیا جس کے بعد متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد انڈسٹریل ایریا سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے شرپسندوں کو اڈیالہ جیل نہیں بلکہ اسلام آباد میں ہی رکھا جائے گا۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں جیل خانہ جات قانون کے تحت سب جیل قائم کرنے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ۔
احتجاج کے دوران لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب کرنے والے شرپسند عناصر کیلئے انڈسٹریل ایریا سی آئی اے بلڈنگ کو سب جیل کا درجہ دیتے ہوئے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے شرپسند افراد اور سب جیل کی نگرانی کی ذمہ داری انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو دی گئی ہے۔ قیدیوں کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ریکارڈ اسلام آباد پولیس کے کم از کم 17 ویں گریڈ کے افسر کو رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن کا اطلاق 3 نومبر سے کیا گیا ہے ۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب چودھری کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے واقعہ پر مذمت کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی جس کے متن کے مطابق عمران خان پاکستان کے چاروں صوبوں میں مقبول ترین سیاسی لیڈر کے طور پر اکائی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان پر حملہ ملک کے امن و امان اور اتحاد و یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے اور حملے کا بظاہر مقصد ملک میں انتشاراور عدم استحکام پھیلانا ہے پنجاب کابینہ فائرنگ کے دوران شہید کارکن معظم گوندل کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور عمران خان سمیت تمام زخمی رفقاء کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے!
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12isbjailsub.jpg