
پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے خطرےکے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے آنسوگیس کے 40 ہزار شیلز خرید لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کےلانگ مارچ کو روکنے کیلئے اپنی تیاری تیز کردی ہے، اسی فیصلے کے تحت اسلام آباد پولیس نے 40 ہزار آنسو گیس کے شیلز منگوالیے ہیں،7 کروڑ روپے مالیت کی آنسو گیس کے شیلز کی خریداری کیلئے اسلام آباد پولیس نے ایڈوانس میں ادائیگی بھی کردی ہے۔
خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹرز میں معمول کےمطابق 15ہزار آنسو گیس کے شیلز اسٹاک میں موجود ہوتے ہیں، ایک آنسو گیس کے شیل کی سرکاری قیمت 1750 روپے مقرر ہے۔
15 ہزار دستیاب شیلز اور 40 ہزار کے نئے آرڈرز کے بعد اسلام آباد پولیس کے پاس 55 ہزار شیلز ہوجائیں گے، اسلام آباد پولیس نے لانگ رینج 150 میٹر، اور شارٹ رینج 75 میٹر کے شیلز منگوائے ہیں جن کی ترسیل مرحلہ وار شروع ہوجائے گی ۔