
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ میں شامل ہونے والے انصافی کارکنان کو خبردار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کو جدید طریقے سے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل مارے جائیں گے۔
رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان جیسے شخص سے بات چیت ممکن نہیں ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وزیر داخلہ نے کہا عمران خان نے تو ابھی تیاری پکڑنی ہے آ جائے ہم تیار ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں جدید طریقے سے ماری جائیں گی۔ اس کے لیے ڈرون کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اسی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر صوبوں سے بھی پولیس فورس مانگ لی ہے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ اگر کسی صوبے نے فورس بھیجنے سے انکار کیا تو آئین کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ریڈزون کی بندش سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ احتیاطاً سیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی آج ریڈزون کو کھول رہے ہیں جب بھی خان صاحب ادھر آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے تو دوبارہ سیل کر دیا جائے گا۔