پوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے ارشد شریف کی والدہ کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

12arshadshamothhapppihcsamat.jpg

شہید صحافی ارشد شریف کے خاندان کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے خوار کیا جا رہا ہے، رپورٹ میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہید صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نہ ملنے پر ان کی والدہ کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، شہید صحافی کی والدہ نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کے لیے بیرسٹر شعیب رزاق کے توسط سے درخواست دائر کی تھی جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز اور سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق سوموار کے روز درخواست کی سماعت کریں گے۔

درخواست کے متن کے مطابق شہید صحافی ارشد شریف کے خاندان کے فوکل پرسن نے 3 نومبر کو پمز انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی تھی لیکن پمز انتظامیہ نے پوسٹ مارٹم رپورٹ دینے سے یہ کہہ کرانکار کر دیا کہ رپورٹ ان کے پاس نہیں بلکہ پولیس کے پاس ہے جبکہ رپورٹ کے لیے پولیس سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی رپورٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے پمز انتظامیہ سے رابطے کرنے کا کہا۔ شہید صحافی ارشد شریف کے خاندان کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے خوار کیا جا رہا ہے، رپورٹ میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔


درخواست گزار کے مطابق پمز انتظامیہ سے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن وہ انکار بھی نہیں کرتے اور رپورٹ بھی نہیں دیتے، شہید صحافی کے اہل خانہ کو پمز و لوکل انتظامیہ نے رپورٹ کے حوالے سے اندھیرے میں رکھا ہوا ہے، ہمیں شک ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حقائق مسخ کرنے کی خاطر ردوبدل کیے جانے کا امکان ہے، شہید صحافی ارشد شریف کے خاندان کو سارا عمل شفاف بنانے کی خاطر ہر لمحہ آگاہ کیا جانا چاہیے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے سارے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ارشد شریف کے خاندان کو ہر لمحہ آگاہ کیا جانا چاہیے اور کسی بھی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے بغیر سارے عمل کو آگے بڑھایا جائے اور ہمارے فوکل پرسن کو اس سارے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے جبکہ شہید صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ خاندان کو دی جائے اور بغیر ان کی اجازت کے اس پبلک نہیں ہونا چاہیے۔
 

Back
Top