پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 11 معطل اراکین کو بحال کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے11 معطل اراکین کو بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، معطل اراکین کی بحالی کا فیصلہ پنجاب اسمبلی کی کمیٹی برائے اخلاقیات کی جانب سے متفقہ طور پر معطل اراکین اسمبلی کو بحال کرنے کی سفارش کی روشنی میں کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کی کمیٹی برائے اخلاقیات کا اجلاس حکومتی و اپوزیشن بینچز کے درمیان باہمی احترام اور گورننس کو فروغ دینے کیلئے منعقد ہوا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کمیٹی اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے 11 اراکین شریک ہوئے، اجلاس میں اپوزیشن کے 11 معطل اراکین کی بحالی کی سفارش کی گی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ایوان کی کارروائی کے دوران کسی بھی رکن کی تضحیک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور اسمبلی میں قائد ایوان و قائد حزب اختلاف کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،ایوان میں کارروائی کے دوران کسی بھی رکن کو نازیبا الفاظ کے استعمال و گالم گلوچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ خواتین اراکین اسمبلی کے احترام کو یقینی بنایا جائے اور ان کے بارے میں ہتک آمیز الفاظ کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی، اسپیکر کے وقار واحتراف کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔