
لیسکو کی طرف سے بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے: ترجمان
ایک طرف عوام کو ریلیف دینے کے لیے ملک بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف بجلی چوری میں سیاستدانوں کے ملوث ہونے کے بھی ثبوت سامنے آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی سابق رکن اسمبلی رخسانہ کوثر بھی بجلی چوری میں ملوث تھیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سابق رکن اسمبلی رخسانہ کوثر بجلی کی ڈائریکٹر سپلائی فراہم کرنے والی تار سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہی تھیں۔ ملزمہ رخسانہ کوثر کے خلاف لیسکو کی طرف سے بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ لیسکو کی طرف سے ملزمہ رخسانہ کوثر پر 5 لاکھ 75 ہزار روپے بجلی چوری کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1708787156104134821
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں اور نادہندگان لیسکو کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بلاتفریق جاری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دبائو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ واضح رہے کہ ملزمہ رخسانہ کوثر کو 2018ء کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی لیسکو نے ماہ ستمبر میں رہنما پاکستان پیپلزپارٹی عزیز الرحمن چن کی کمپنی چن گروپ آف انڈسٹریز کے ذمہ 51 کروڑ 53 لاکھ 15 ہزار 362 روپے واجب ادا ہونے پر ان کی فیکٹری کا بجلی کنکشن کاٹ دیا تھا۔ چن گروپ کی زیرملکیت رحمان سٹیل فرنس اورآئرن انڈسٹری کے ڈیڈڈیفالٹر ہونے پر کنکشن کاٹے گئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13electricitytheftkjrkr.png