
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد زمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے حوالے کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار حامد زمان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر ایف آئی اے نے گرفتار حامد زمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے ملزم کے14 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی اور موقف اپنایا کہ امریکہ سے بینک اکاؤنٹس چلائے جارہے تھےجن کے ذریعے تقریبا6کروڑ روپےکی رقم
لائی گئی، یہ تحقیقات الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئیں، جو رقم منگوائی گئی اس کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کیا گیا۔
حامد زمان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے صفائی دیتے ہوئے حامد زمان کے خلاف ایف آئی آر میں لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، ایف آئی اے خود یہ تسلیم کررہا ہے کہ میرے موکل پیش ہوئے، انہیں سوالنامہ دیا گیا جس کے جوابات دینے تھے، جب ہم تحقیقات میں مکمل تعاون کررہے ہیں پھر گرفتاری کی کیا ضرورت تھی؟
عدالت نے دونوں جانب سےدلائل سننے کے بعد حامد زمان کےجسمانی ریمانڈپر فیصلہ محفوظ کیا ، بعد ازاں یہ فیصلہ سناتے ہوئے حامدزمان کو صرف 2 روز کیلئے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔