
آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، عدالت بھی فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں ایک سوال کہ "کیا مریم نوازشریف کو پاسپورٹ واپس ملنا چاہئے؟" کا جواب دیتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ نگار اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، ہمیں یقین ہے کہ عدالت بھی فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کرے گی جسے مریم نوازشریف سمیت ہم سب کو ماننا چاہیے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہوا اگر وہ ضمانت پہ ہیں، ان کے والد عدالتوں کو مطلوب ہیں، جب یہ دونوں شخصیات حکومتی اجلاس میں شرکت کر سکتی ہیں، ملک میں ہونے والے فیصلے ان کی مشاورت سے کیے جا سکتے ہیں اور ان کی رائے سے فیصلے کیے جا سکتے ہیں تو ان کو پاسپورٹ دینے میں کوئی مضائقہ نہیں، میری ذاتی رائے میں رہنما مسلم لیگ ن مریم نوازشریف کو پاسپورٹ واپس دے دینا چاہیے۔
https://twitter.com/x/status/1568237206044659712
انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ملک کے وزیر خزانہ کو بتا رہی ہوتی ہیں کہ اس طبقے پر ٹیکس نہ لگائیں اور وزیر خزانہ کہتا ہے یس میڈم! ٹھیک ہے ایسا ہی کریں گے۔ جب مریم نوازشریف حکومت چلا سکتی ہیں، ملک چلا سکتی ہیں تو پاسپورٹ دینے میں کیا مسئلہ ہے حکومت کو خود ہی ان کو پاسپورٹ دے دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نوازشریف کے باہر جانے میں مسئلہ کیا ہے، یہاں کون سا ان کے خلاف کچھ ہو رہا ہے، وہ پاکستان کو چلا رہی ہیں، ہر فیصلے میں ان کی رائے شامل ہوتی ہے، ان کے والد لندن میں بیٹھے ہیں، کزنز پوری دنیا میں حکومتی وفود کے ساتھ گھومتے پھر رہے ہیں تو ان کے باہر جانے میں کیا مسئلہ ہے۔
یاد رہے کہ نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت کے لیے جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا جس میں جسٹس انوار الحق پنوں بھی شامل تھے، گزشتہ روز مریم نوازشریف نے لاہور ہائی کورٹ میں دوبارہ درخواست دائر کی تھی جس کی جمعرات کو سماعت ہوئی لیکن جسٹس انوار الحق نے مریم نوازشریف کا کیس سننے سے معذرت کر لی اور مریم نواز کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادی تھی۔