نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کا آرٹ مقابلے مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے تھا: سٹیٹ بینک
مرکزی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع ہو گا: اعلامیہ
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز متعارف کروائے جانے کے اعلان کے بعد آرٹ مقابلے کے انعقاد کا ہوا جس کے نتائج بھی جاری ہو چکے ہیں اور نئے نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں اور اب اس حوالے سے نئی خبر سامنے آئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے اب اعلان کیا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائنوں کی مرکزی حکومت سے منظوری کے بعد ہی چھپائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابقسٹیٹ بینک بورڈ کی طرف سے منظور کیے گئے ڈیزائنر کی طرف سے تیار کیے گئے نئے کرنسی نوٹ مرکزی حکومت کو جنوری 2025ء تک پیش کیے جائیں گے اور منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع ہو گا۔ نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کیلئے کروائے گئے آرٹ مقابلے کے حوالے سے اعلامیہ میں ایک وضاحت بھی دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق آرٹ مقابلے کے انعقاد کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد ملک کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح کے بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوامی شمولیت یقینی بنانا تھا۔ جائزہ ماہرین کی کمیٹی نے ڈیزائنوں کا جائزہ لیا اور 5 ستمبر کو اعلان کیا گیا تاہم مقابلے کے نتائج کو بعض حلقوں کی طرف سے شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا۔
اعلامیہ کے مطابق آرٹ مقابلے کا مقصد نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعلق نہیں ہے، نتائج کا اعلان کرنے کا مقصد صرف ملکی فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا تھا۔ مقابلے کے فاتح قرار دیئے گئے ڈیزائنروں کو انعامات سے نوازنا تھا تاہم یہ ڈیزائن بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائن نہیں ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ نئے نوٹوں کی سیریز کے حتمی ڈیزائن معروف بین الاقوامی کمپنیاں مسابقی عمل کے ذریعے ڈیزائن کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی کمپنیوں کی طرف سے ماہ دسمبر 2024ء تک نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائن کے تجاویز پیش کی جائیں گی۔