
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو پیغام بھجوایا تھا کہ ڈی چوک پر سو شیل تمہارے کنٹینر پر پھینکوں گا،اور شیل پھیکنے بھی تھے یہ صرف میسیج والی بات نہیں تھی،فواد چوہدری سمیت دیگر کو یہ پیغام پہنچایا تھا۔
جیونیوز کے پرگروام میں میزبان حامد میر نے سوال کیا کہ کیا یہ درست ہے کہ عمران خان کے کںٹینر پر آپ نے پیغام پہنچوایا تھا۔
جواب میں وزیر داخلہ نے اپنے پیغام کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا کہ ان کا رابطہ کچھ پولیس آفیسرز سے تھا، پولیس آفیسرز نے کہا کہ ہم عمران خان سے رابطے میں ہیں، پولیس آفیسرز نے واضح کیا کہ وہ اس لئے بتارہے تاکہ ان پر شک نہ کیا جائے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر ڈی چوک پر قبضہ نہیں تھا، عوام نہیں تھے،بچے نہیں تھے، جو ان کے پروگرام کا اہم حصہ تھا، جو پچاس ساٹھ ہزار کے افراد کا کہا تھا وہ بھی نہیں تھے آٹھ دس لوگ تھے،عمران خان کو پتا تھا کہ اس کے ساتھ یہ بھی ہونے والا ہے اسلئے مقابلہ نہیں کرسکا۔
رانا ثنا نے کہا کہ اب وہ جو مرضی الزام لگالے، میں حلفاً کہتا ہوں کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے نہ عمران خان کی مدد ہوئی نہ ہماری، اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں نہیں کہا کہ عمران خان کو بھیجیں یا سو شیل پھینکیں۔
وزیر داخلہ نے پروگرام میں عمران خان کو چیلنج کیا کہ میں اب کہتا ہوں اگر ہمت ہے تو عمران خان ڈی چوک آکر دکھائیں، عمران خان اب ڈی چوک کی بات نہیں کرتا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا نے کہا تھا کہ عمران خان شروع سے دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلیک میلنگ کر رہے ہیں، عمران خان نے اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ساتھ چڑھائی کی، عمران خان کے خلاف مقدمہ بنتا ہے اور بننا چاہیے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا تھا کہ عمران خان کی دھمکیوں سے کوئی خوفزدہ نہیں ہوگا، قانون اپنا راستہ لے گا،عمران خان کے خلاف ابھی تو کچھ نہیں کیا، عمران خان کیا آپ کی بہن اور بیٹی کو گرفتار کیا گیا ہے؟