عمران خان صاحب، ناجائز ذرائع سے جیتا گیا الیکشن بھی کرپشن ہے۔

آپ کی تحریک کا نام تحریک انصاف ہے، آپ کے مطابق آپ نے یہ جماعت اس لیے بنائی تھی تاکہ لوگوں کے ساتھ انصاف ہو، مگر آپ نےخود انصاف کے اصولوں کو اپنے ہاتھوں سے پامال کیا ہے۔
نمبر ا: شوکت خانم ہسپتال کی زمین اور 1989 میں 50 کروڑ کی خطیر رقم، آپ کو نواز شریف نے دی تھی۔ ہسپتال کے افتتاح پر نواز شریف کے نام کی تختی بھی لگائی گئی تھی، مگر آپ نے وہ تختی بھی اتار دی اور ہسپتال کا سارا کریڈٹ خود لےلیا۔ کیا یہ ناانصافی نہیں؟ افسوس اس بات کا ہے کہ آپ کے الیکشن اشتہارات شوکت خانم ہسپتال کا نام اور تصویر استعمال کر رہے ہیں حالاں کہ یہ ہسپتال آپ نے اپنی جیب سے نہیں بنایا؟
نمبر 2: آپ 5 سال نواز شریف کے پیچھے پڑے رہے، آپ کو پوری دنیا میں صرف نواز شریف اور اس کے خاندان کی کرپشن نظر آئی، مگر زرداری کے اوپر زبانی جمع خرچ سے اوپر کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ سینیٹ الیکشن کے دوران زرداری کے ساتھ کھلم کھلا اتحاد بھی کیا۔
نمبر 3: الیکشن جیتنے کے لیے آپ نے انصاف کے تمام اصول بالائے طاق رکھتے ہوئے بابر اعوان جیسے چوروں اور لوٹوں کو ساتھ ملایا۔ کیا چوروں کے ساتھ مل کر حج پر جانا ثواب کا کام ہے؟
نمبر 4: صوبہ پنجاب میں آپ نے فوج کی مرضی کا شخص حسن عسکری رضوی نگران وزیر اعلیٰ کے طور پر لگوایا، جس نے نواز شریف کی آمد کے موقع پر حیرت انگیزطور پر موبائل فون سمیت انٹرنیٹ سروس بند کی، سڑکوں شاہراہوں پر رکاوٹیں لگائیں، نون لیگی کارکنان کو گرفتار کرکے ان کے قائد کے استقبال کے لیے جانے والی ریلی کو روکا۔ آپ کو یقیناً حسن عسکری کے اس اقدام پر خوشی ہوگی، لیکن اگر آپ انصاف پسند ہوتے تو حسن عسکری کے اس رویے کی مذمت کرتے(کیوں کہ ایک نگران حکومت اس طرح کے جانبدارانہ کام نہیں کرسکتی)۔ آپ نے مذمت نہیں کی کیوں کہ یہ 'دھاندلی' آپ ہی کی جماعت کو کامیاب کروانے کے لیے کی جارہی ہے؟
نمبر 5: نواز شریف کی آمد سے کچھ دن قبل ہی پاکستان میں سیاسی عناصر کے اوپر خود کش اور بم حملوں کے ذریعے قتل و خونریزی کا بازار گرم کیا گیا۔ اے این پی کی قیادت کے مطابق ہارون بلور پر حملہ طالبان نے نہیں بلکہ 'اپنوں' نے کروایا جو ہارون کی متوقع جیت سے خوفزدہ تھے۔ جس دن نواز کی آمد تھی، اس روز پہلے اکرم درانی اور پھر رئیسانی پر حملہ کر کے 130 سے زیادہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی۔ کیا اس خونی کھیل کا مقصد نواز شریف کے کارکنوں کو ڈرانا دھمکانا نہیں تھا؟ پھر اتنے سالوں کی دہشت گردی کے باوجود آپ کی تحریک انصاف پر کوئی حملہ کیوں نہیں ہوتا؟ ان حملوں کے نتیجے میں عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کی الیکشن مہم کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ کیا اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے آپ کی ناجائز طریقے سے جیت کی راہ ہموار نہیں کی جارہی؟
نمبر 6: میڈیا ہاؤسز اور میڈیا پرسنز کی اکثریت علی الاعلان تحریک انصاف کا بیانیہ اور نون لیگ کی مذمت اور کردار کشی پر مبنی نشریات پیش کر رہی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج، عدلیہ اور مرکزی ذرائع ابلاغ بالواسطہ اور براہ راست تحریک انصاف کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں (جبکہ یہ تمام ادارے تحریک انصاف کے پیسوں سے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے پیسوں سے چلتے ہیں)۔ کیا یہ دھاندلی نہیں؟
نمبر 7: جو لوگ تحریک انصاف کو جتوانے کے لیے جاری دھاندلی اور الیکشن کرپشن کا جواز سابقہ ادوار کی دھاندلی کی مثالیں دے کر کر رہے ہیں ان کے لیے عرض ہے کہ اپنے گناہ کا جواز دوسروں کے غلط کاموں میں تلاش کرنا چھوڑ دو۔
نمبر 7: جو لوگ تحریک انصاف کو جتوانے کے لیے جاری دھاندلی اور الیکشن کرپشن کا جواز سابقہ ادوار کی دھاندلی کی مثالیں دے کر کر رہے ہیں ان کے لیے عرض ہے کہ اپنے گناہ کا جواز دوسروں کے غلط کاموں میں تلاش کرنا چھوڑ دو۔