وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 6 نشستوں پر ملنے والی کامیابی پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ کپتان کی کیپٹن اننگز، 13 جماعتی اتحاد کو کلین بولڈ کر دیا، پاکستان میں کبھی ایک امیدوار قومی اسمبلی کی 6 سیٹوں پر بیک وقت کامیاب نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عمران خان کی جیت پاکستان کی فتح ہے، نتائج نے ثابت کر دیا عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ضمنی الیکشن کے نتائج پی ڈی ایم کے لیے نوشتہ دیوار ہیں۔ عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ضمنی انتخابات میں چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اپنا ہی پانچ نشستوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ تاہم انھیں ایک نشست پر خود اور دوسری نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار مہربانو قریشی کی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس لیے یہ کہنا چاہیے کہ فی الوقت عمران خان کا بیانیہ نہ صرف جیتا ہے بلکہ اسے تقویت بھی ملی ہے۔ عمران خان اور ان کا بیانیہ جیتا ہے جس کے اثرات موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی پڑیں گے اور اگلے عام انتخابات کے لیے اس میں کافی کچھ واضح ہوگیا ہے۔