صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کردیا

14draviqidsaaazzz.jpg

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے یوم پاکستان کی مناسبت سے قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دیدی ہے، سزاؤں میں کمی کی منظور ی آئین کے آرٹیکل45 کے تحت دی گئی، سزاؤں میں کمی کا اطلاق65 برس سے زائد عمر کے ان قیدیوں پر ہوگا جو اپنی سزا کا ایک تہائی حصہ کاٹ چکے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جن کی سزاؤں کا ایک تہائی حصہ مکمل ہوگیا ہے وہ بھی صدر مملکت کے اعلان کردہ ریلیف کی اہل ہوں گی، اپنی قید کا ایک تہائی حصہ گزارنے والے 18 سال سے کم عمر قیدیوں کی سزاؤں میں بھی 90 روز کی کمی کردی جائے گی۔


صدر مملکت کی جانب سے سزاؤں میں کمی کا اطلاق ریاست مخالف سرگرمیوں، قتل، جاسوسی سمیت سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، مالی جرائم ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرمان، چوری ، ڈکیتی، اغواء، دہشت گردی اور زنا جیسے جرائم میں ملوث مجرمان کو بھی کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔