سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکس،این جی او نےپارلیمنٹیرینز،افسران کوپکنک پرمدعوکرلیا

cigarette-tax-pak.jpg


سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکس، بجٹ سے پہلے غیرسرکاری تنظیم نے پارلیمنٹرینز، متعلقہ افسران کو مری مدعو کر لیا
ایف بی آر، وزارت خزانہ کے افسران اور پارلیمنٹیرینز کو ٹوبیکو ٹیکسز بڑھانے کی اپیل کی جائے گی: ذرائع

ایک طرف تو حکومت نے عوام کی اشیائے ضروریہ پر ٹیکسوں کی بھرمار کر رکھی ہے تو دوسری طرف نجی شعبوں میں بجٹ میں ٹیکس عائد ہونے سے پہلے ہی غیرسرکاری تنظیمیں متحرک ہو جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکس عائد کرنے کی خبروں کے بعد سپارک نامی ایک غیرسرکاری این جی او کی طرف سے اسمبلیوں کے نمائندوں سمیت متعلقہ افسران کو مری میں پکنک پر مدعو کر لیا گیا ہے۔ سپارک کی طرف سے ان افسران وپارلیمنٹیرینز کو مری میں لگژری ہوٹلز میں ٹھہرانے کا بندوست کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپارک نامی این جی او کی طرف سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش ہونے سے پہلے اس پروگرام کو ترتیب دیا گیا ہے جس کا بظاہر مقصد ملکی معاشی پالیسیوں پر اثرانداز ہونا لگتا ہے۔ افسران و پارلیمنٹیرینز کو لگژری ہوٹلز میں ٹھہرانے کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹوبیکو ٹیکسیشن پالیسی ڈائیلاگ کے دعوت نامے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوبیکو پالیسی ڈائیلاگ کے دعوت نامے فیڈرل بیورو آف ریونیو اور وزارت خزانہ کے افسران کو ارسال کیے گئے ہیں جس میں وفاقی سیکرٹری صحت کو بھی مدعو کیا گیا ہے، شرکاء کو ٹوبیکو سیکٹر کے حوالے سے بریفنگ دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکسز بڑھانے پر قائل کیا جائے گی۔ پالیسی ڈائیلاگز کے دوران ایف بی آر، وزارت خزانہ کے افسران اور پارلیمنٹیرینز کو ٹوبیکو ٹیکسز بڑھانے کی اپیل کی جائیگی۔

علاوہ ازیں نسٹ ریسرچ رپورٹ کے مطابق سگریٹ انڈسٹری میں ٹیکس چوری کے چونکا دینے والے اعدادوشمار سامنے آئے ہیں جس کے مطابق سگریٹ انڈسٹری میں ٹیکس چوری سے قومی خزانے کو سالانہ 310 ارب روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ سال 2024ء کے آخر تک غیرقانونی سگریٹ کی تجارت کے حجم میں 60 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں آزادکشمیر کی سگریٹ انڈسٹری میں سخت قوانین کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایکسائز ڈیوٹی بڑھنے کے بعد صارفین مہنگے قانونی سگریٹ کے بجائے سستے غیرقانونی سگریٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ غیرمتوازن ٹیکس پالیسیوں کے باعث مہنگے سگریٹ مزید مہنگے اور غیرقانونی سستے سگریٹ مزیدسستے ہوتے جا رہے ہیں۔