لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیرا عظم کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ اس خوف میں مبتلا دماغی مریض کے ہاتھ میں ماچس ہے جس سے یہ ہر طرف آگ لگانا چاہتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس سے پہلے کہ یہ مزید نقصان کر دے، اس کو گرفتار کرنا چاہیے۔22 کروڑ کی قسمت ایسے ہیجانی شخص کے ہاتھ میں نہیں دی جا سکتی۔
عمران خان نے اپنی کھال بچانے کے لئے ملک کویرغمال بنایا ہوا ہے۔
قبل ازیں مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہوش وحواس کھودینے والے شخص کو ملک میں تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دینی چاہئیے۔ یہ مذاق نہیں ہے۔ عمران خان سے وزیراعظم یا سابق وزیراعظم جیسا برتاؤ نہیں ہونا چاہئیے۔
انہوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ عمران خان کونفسیاتی مریض کے طورپرلینا چاہئیے جس نے اپنی کھال بچانے کے لئے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے جوشرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کا سامنے کرنے سے خوف زدہ شخص کی وجہ سے پورا ملک مفلوج ہوگیا ہے۔ ملک کے 22 کروڑ عوام ایک ہفتے سے حکومت سے محروم ہیں۔ یہ آئین کی کھلی خلاف ورزی اورسپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام نہ کرنا ہے اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔