
ایک پولیس اہلکار نے معمولی جھگڑے پر موٹرسائیکل سوار شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال شہر میں تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں پاکپتن چوک میں پولیس اہلکار نے ایک موٹرسائیکل سوار شہری کو فائرنگ کر کے بے دردی ساتھ قتل کر دیا۔ واقعے کی کلوزڈ سرکٹ ٹیلیویژن کیمرے (سی سی ٹی وی) فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں مقتول سے پولیس اہلکار جو کہ پولیس وردی میں ملبوس تھا کو جھگڑتے اور گولیاں مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہری کو گولیاں مارنے والے کانسٹیبل کا نام بلال عرف بالی ہے جو کہ تھانہ غلہ منڈی میں تعینات ہے جس کی گرفتاری کے لیے آئی جی پنجاب نے قتل کرنے والے ملوث اہلکار کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1580170804779974657
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے قتل ہونے والے موٹرسائیکل سوار شہری سے راستہ نہ دینے پر پولیس والوں کا جھگڑا ہو جس پر وہ گتھم گتھا ہو گئے اور طیش میں آکر ایک پولیس اہلکار نے لڑکے کو گولیاں مار دیں اور واقعے کے فوری بعد ملزم فرار ہو گیا جبکہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
https://twitter.com/x/status/1580222080133386240
قتل ہونے والے نوجوان کی شناخت اختر کے نام سے ہوئی ہے جو شیراں والی گلی کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ ایس ایچ او غلہ منڈی نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ اختر کی لاش کو جی ٹی روڈ پر رکھ کر ورثاء نے احتجاج شروع کر دیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی پاکپتن چوک جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس میں ایسی کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔
پنجاب پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے مطابق ساہیوال پولیس نے اس واقعے میں ملوث اہلکار کو گرفتار کر لیا۔آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اہلکار کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا جس کو cctv فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا۔ ایسے واقعات ناقابل برداشت،ملزم کو قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔
https://twitter.com/x/status/1580260800601595904
ساہیوال پولیس نے بھی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1580266636648382464