سانحہ اے پی ایس اور زیارت ریذیڈنسی واقعہ میں مطلوب دہشت گرد گرفتار

9ctdkarwaiyan.jpg

سیکیورٹی اداروں نے اہم کامیابی حاصل کر لی، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس ٹیم نے خم اڈہ کے قریب کارخانوں مارکیٹ میں چھاپہ مارا اور دہشتگرد جان ولی عرف شینا کو حراست میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردسال 2014 میں آرمی بپلک اسکول حملے میں مطلوب تھا، ملزم کا تعلق باڑہ خیبر سے ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔

علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے شہری سے 60 لاکھ بھتہ مانگنے والاملزم کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم حماد اشرف نے شہری کو بھتہ کیلئے دھمکی آمیز خط بھیجا تھا۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی بلوچستان نے ہرنائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران زیارت میں واقع قائد ریزیڈنسی دہشت گردی واقعہ میں ملوث کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق در محمد عرف درو سمیت 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مطلوبہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 سب مشین گنز، دستی بم، بارودی مواد، پرایما کارڈ کے علاوہ دیگر مواد برآمد کیا گیا ہے۔