روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے واضح کردیا ویگنر کے زیادہ تر کمانڈر محب وطن روسی ہیں، انھیں کسی نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، قوم سے خطاب میں روسی صدر نے ویگنر جنگجوؤں کا شکریہ ادا کیا، جنھوں نے بغاوت سے گریز کیا۔
انھوں نے کہا ویگنر کے زیادہ تر کمانڈر محب وطن روسی ہیں، ویگنر گروپ نے میدان جنگ میں جرات دکھائی اور ڈونباس کو آزاد کرایا، وعدے کے مطابق انھیں کسی نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
پیوٹن نے کہا جو ویگنر اہلکار بیلاروس جانا چاہتا ہے وہ جا سکتا ہے اور جو چاہے معاہدہ کر کے وزارت دفاع یا قانون نافد کرنے والے دیگر اداروں میں اپنی خدمات جاری رکھ سکتا ہے۔
روسی صدر نے مزید کہا بغاوت کرنے والوں نے ملک کو دھوکا دیا، بھائی کے ہاتھوں بھائی کا خون بہانے کی سازش کی گئی، ویگنر کو اندھیرے میں رکھ کر بھائیوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
ولادی میر پیوٹن نے مزید کہا یہ وہی عمل تھا جو یوکرین میں روس کے دشمن اور مغربی سرپرست چاہتے تھے روس کو شکست ہو اور روسی معاشرہ تقسیم ہو، خانہ جنگی ہو جائے۔ صدر پیوٹن نے خانہ جنگی کی طرف نہ بڑھنے پر ویگنر گروپ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے کہا پیوٹن کے خلاف بغاوت میں ا مریکا یا پھر اتحادی ملوث نہیں تھے، بغاوت کی کوشش روسی نظام کے اندر کی جدوجہد تھی، ہم یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔
روس کے نجی ملیشیا ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزین کا کہنا ہے کہ پیش قدمی کا مقصد یوکرین میں جنگ کے غیر مؤثر طرز عمل پر احتجاج تھا، اس کا مقصد ماسکو حکومت کا تختہ اُلٹنا یا صدر پیوٹن کی حکمرانی کو چیلنج کرنا ہرگز نہیں تھا۔
ویگنر گروپ نے ہفتے کو بغاوت کی کوشش کی تھی جس کے بعد بیلاروس کے صدر کی مصالحت کی کوششوں سے ویگنر گروپ نے پیش قدمی کا فیصلہ واپس لے لیا تھا،روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے گزشتہ ہفتے ویگنر گروپ کی بغاوت میں متعدد روسی پائلٹوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اور بغاوت کا الزام روس کے دشمنوں پر عائد کیا تھا۔
ویگنر گروپ کی جانب سے ہفتے کو ہونے والی مسلح بغاوت کے بعد پوٹن پیر کی شب پہلی بار منظر عام پر آئے تھے اور انہوں نے قوم سے خطاب کیا،پیوٹن نے اس خطاب میں تسلیم کیا ویگنر گروپ کی بغاوت میں روسی پائلٹ ہلاک ہوئے، البتہ روس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ اس کی فوج کے کتنے طیارے یا ہیلی کاپٹرز تباہ ہوئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13uutinwegner.jpg