دنیا بھر کے لوگ اپنا کتنا وقت جدید سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گزارتے ہیں؟رپورٹ

social-media-use-time-report.jpg


معروف ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب اس معاملے میں 27 گھنٹے 19 منٹ کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ہے: رپورٹ

دنیا بھر کے لوگ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں اپنا زیادہ تر وقت اپنے سمارٹ موبائل فونز پر موجود مختلف سوشل میڈیا ایپس کو استعمال کرتے ہوئے گزار رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کو اس بات کا احساس ہی نہیں کہ وہ معروف سوشل میڈیا ایپس ٹک ٹاک، یوٹیوب، فیس بک، وٹس ایپ یا دیگر ایپس پر اپنی روزمرہ زندگی میں سے کتنا وقت دے رہے ہیں۔ ڈیجیٹل اپریل 2023ء گلوبل سٹیٹس شاٹ رپورٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کے وقت گزارنے کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

ڈیجیٹل تجزیاتی نظام کے حوالے سے رپورٹ بنانے والے پلیٹ فارمز میلٹ واٹر اور وی آر سوشل کے ذریعے رپورٹ گزشتہ ماہ اپریل میں شائع کی گئی تھی جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کے حوالے سے ایسا مواد جمع کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کن ایپس پر اپنا زیادہ وقت صرف کرنا پسند کرتے ہیں۔
رپورٹ میں دیئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال 2022ء کے آخری 4 مہینوں میں ماہانہ بنیادوں پر معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو صارفین نے اوسطاً 31 گھنٹوں سے زائد وقت استعمال کیا۔ معروف ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب اس معاملے میں 27 گھنٹے 19 منٹ کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

رپورٹ کے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کے ٹک ٹاک ایپ پر گزارے اوسط وقت میں پچھلی سہ ماہی کی نسبت انتہائی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خصوصاً 2022ء کی دوسری سہ ماہی میں چائنہ کی اینڈرئیڈ ایپ پر سوشل میڈیا صارفین نے 22 گھنٹے اور 9 منٹ تک کی اوسط سے وقت گزارا۔

میٹا گروپ کا معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک ڈیجیٹل تجزیاتی سروے کے مطابق تیسرے نمبر پر رہا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ماہانہ بنیادوں پر 18 گھنٹے 17 منٹ تک اوسط وقت گزارا۔ فیس بک کے بعد وٹس ایپ 16 گھنٹے 50 منٹ اوسط وقت کے ساتھ چوتھے جبکہ 12 گھنٹے اوسط وقت کے ساتھ انسٹاگرام پانچویں نمبر پر رہا۔