پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین نے صوبائی کابینہ میں شمولیت کیلئے سی وی تیار کرنا شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں اکثریت حاصل ہونے کے بعد علی امین گنڈاپور کو وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی اور علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے اپنی سی وی تیار کرنا شروع کردی ہیں اور نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور حتمی منظوری کیلئے یہ اراکین کی سی وی عمران خان کو پیش کریں گے۔
علی امین گنڈاپور وزیراعلی نامزد ہونے کے بعد اپنے آبائی علاقے ڈی آئی خان سے پشاور منتقل ہوگئے ہیں اور دن رات نئی کابینہ کی تشکیل کیلئے اجلاسوں اور اراکین سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ میں تمام ڈویژن سے نمائندگی دی جائے گی اور تمام نام مشاورت کے بعد عمران خان کے سامنے رکھے جائیں گے ، اس حوالے سے نومنتخب اراکین کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنی سی وی تیار رکھیں، اسی سی وی کی بنیاد پر ہی اراکین کو وزارت دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ کابینہ ارکان کے حوالے سے مشاورت جاری ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔