جو لوگ باہر نکلے وہ غیر مسلح تھے،غریبوں کو پکڑاہےآئی جی کوبھی پکڑیں،اعتزاز

2aitzazahahsnananan.jpg

سینئر قانون دان اور سیاست دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی یا اہلیت سے انتخابات پر کوئی فرق نہیں پڑےگا۔

تفصیلات کے مطابق اعتزاز احسن نے ہم نیوز کے پروگرام پاور پالیٹکس میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنی بھی عمران خان کے خلاف باتیں کرلیں اس سے عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا، اس وقت سرکار کے پیسوں سے اشتہارات چلائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو کہا جارہا ہے کہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کریں اور پارٹی چھوڑ کر چلے جائیں،یہ لوگ اس وقت آئین سے تصادم اور آئین سے انحراف پر اترے ہوئے ہیں،آئین نے لاکھوں لوگوں کیلئے حق دیا ہے، اپیل کا حق بھی موجود ہے مگر مجھے اس کے طریقہ کار پر اعتراض ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بغیر دیئے گئے حقوق واپس لیے جاسکتے ہیں، یہ قانون تو یقینا چیلنج ہوجائے گا، تاہم اگر حکومت آئین میں ترمیم کردے تو پھر شائد معاملہ ٹھیک ہوجائے ، مگر اس کیلئے بھی پہلے فیصلہ کرنا ہوگا کہ یہ قانون ہے بھی سہی یا نہیں، ہوسکتا ہے کہ یہ کیس قاضی فائز عیسیٰ کے دور تک التوا کا شکار ہوجائے۔


9 مئی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ جو لوگ مظاہرے کیلئے باہر نکلے وہ غیر مسلح تھے، سیاسی لوگ تو ویسے بھی آگ لگاہی نہیں سکتے، مظاہرین کے راستے میں کوئی پولیس نہیں آئی ، کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی گئی، کیا اس میں آئی جی کی غفلت نظر نہیں آرہی، جہاں پانچ چھ ہزار غریب لوگوں کو پکڑا ہوا ہے وہیں آئی جی پنجاب کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔