
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےدعوی کیا کہ بینظیربھٹو شہید، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم کے عہدے پر فائز کرنے کا سہرا ان کے سر ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری محمد سرور نے گورنر ہاؤس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نظام ناکام نہیں ہوا لوگ ناکام ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے ملک میں انوسٹی گیشن کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا تب تک کچھ بھی ٹھیک نہیں ہوسکتا، جب ریاست کمزور ہوجائے اور لوگ مضبوط ہو جائیں تو ملک کے ایسے حالات ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس ناکام ہوجاتا تو ہماری مشکلات میں اضافہ ہوجاتا، جی ایس پی پلس کے لئے میں نے جاکر بہت محنت کی، ہمیں بین الاقوامی دنیا کو مطمئن کرنا بے انتہائی ضروری ہے، لوگ کہتے ہیں میں سچ برطانیہ میں بولتا ہوں، میں پاکستان میں بھی جھوٹ نہیں بولتا، میں پارٹی کو دو لاکھ پونڈ جمع کرکے دیتا تھا، انڈین لابی کا مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن اور خانیوال کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پہلے سے پارٹی کو بتادیا تھا ہم ہاریں گے،،پنجاب میں پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ووٹ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ان کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف ایکسٹینشن لینے کی خواہش نہیں رکھتے، اگر پارٹی کل کو مجھ سے پوچھے تو رائے دوں گا، حالات کو بہتر کرنے کے لئے وقت چاہیے ہوتا ہے، ہمیں بھی پھر مزید پانچ سال دے دیئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 1999 میں نواز شریف اور شہباز شریف کو امریکہ ، برطانیہ کے ویزے میں نے لگواکر دیئے تھے، پرویز مشرف نہیں چاہتے تھے کہ وہ دونوں بھائی برطانیہ جائیں، شہباز شریف سے میری لڑائی صاف پانی کے معاملے پر ہوئی، اگر شہباز شریف سے میری لڑائی نہ ہوتی تو شاید میں ن لیگ نہ چھوڑتا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کے تین وزیر اعظم میں نے بنوائے، بے نظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنوایا، یورپ بھی میری سیاسی بصیرت کا قائل ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9sarwarclaimpm.jpg