
کراچی میں مشتعل افراد نے بچے کے اغوا کا جھوٹا الزام لگا کر بچے کے ماموں کو تشدد کا نشانہ بناکر زندہ جلانے کی کوشش کرڈالی۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر4 میں پیش آیا جہاں کے رہائشیوں نے ایک بچے کے اغوا کا الزام لگا کر ایک شہری کو پکڑ کر اس کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا او اس شخص کو زندہ جلانے کی کوشش بھی کی۔
پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد سے کامران نامی شخص کو اپنی تحویل میں لے کر ناظم آباد تھانے منتقل کیا اور تفتیش شروع کی۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مشتعل افراد کیجانب سے شہری پر لگایا گیا بچے کے اغوا کا الزام غلط تھا ، جس شخص پر بچے کے اغوا کا الزام عائد کیا گیا وہ درحقیقت اسی بچے کا ماموں ہے۔
تفتیش کے دوران بچے کی والدہ نے پولیس کے پاس پہنچ کر بیان دیا کہ میرا بھائی کامران اپنے بھانجے کو چیز دلوانے کیلئے گھر سے لے کر نکلا، علاقہ مکینوں کو شبہ ہوا کہ بچے کو اغوا کیا جارہا ہے جس پر انہوں نے بچے کے ماموں کو پکڑ لیا۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے بچے کو والدہ کے حوالے کردیا ہے اور غلط الزام لگا کر شہری پر تشدد کرنے والے افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/karah1ih223.jpg