
سابق وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا میں کسی فرد کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا سب سے بڑا جرم ہے، اعظم سواتی کو فوری رہا کیا جائے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لکھا کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو انتقامی سلوک کیا جا رہا ہے وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، انہیں سینے میں شدید درد اور سانس کی تکلیف کے بعد صبح سویرے پمز منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا افسوس ہے ہمارا نظامِ انصاف سواتی کے بنیادی انسانی حقوق کی بار بار خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے تیار نہیں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس گرفتار کر کے کوئٹہ لے گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس نے صوبے میں مختلف علاقوں میں درج مقدمات کی بنیاد پر گرفتار کیا ہے۔
گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔