اپوزیشن اتحاد اورفضل الرحمان کے درمیان ملاقات،اندرونی کہانی سامنے آگئی

15molanapttgauurnetet.png

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحادی تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ بننے سے قبل پاکستان تحریک انصاف سے گارنٹی مانگنے کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بیان پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دیا اور کہا کہ ہم نے ابھی اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا تاہم ہمیں منانے کی کوششیں جاری ہیں، آج عمر ایوب اور اسد قیصرتشریف لائے ہیں ،ان کا موقف ہے کہ ملاقاتیں ہونی چاہیے اور تلخیاں دور کرنے کی ضرورت ہے، جس پر ہم نے انہیں خوش آمدید کہا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1793332719050485960
پی ٹی آئی سے گارنٹی مانگے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جی بالکل پی ٹی آئی سے گارنٹی مانگی گئی ہے کیونکہ جب بھی سنجیدہ مذاکرات کیے جاتے ہیں اس میں اعتماد بحال کرنے کیلئے کچھ اقدامات کیے جانے چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے مذاکرات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کس سے بات کی جائے؟ وزیراعظم، صدر یا آرمی چیف؟آئین پاکستان کی کوئی حیثیت نہیں رہی اور پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو چکی اور جمہوریت اپنا مقدمہ ہار چکی ہے، دس پندرہ سالوں سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن چل رہا ہے مگر اس میں کمی کے بجائے کئی گناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن پر حملے کی مذمت بھی کی اور کہا کہ پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے بجائے تحریک انصاف پر ہی دوبارہ حملہ کیا اور ان کے ایک دفتر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی۔